جشن آزادی کے موقع پر سکھر میں ہزاروں طلبہ نے سندھ کا سب سے بڑا انسانی پرچم بناڈالا
سکھر میں 3 ہزار 80 طلبہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے معرکہ حق اور یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سندھ کا سب سے بڑا ’انسانی قومی پرچم‘ تشکیل دیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بدھ کو مختلف اسکولوں کے طلبہ نے آئی بی اے پبلک اسکول سکھر میں اس تقریب میں حصہ لیا، جو سکھر کی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا۔
تقریب کے مقام پر ’پاکستان زندہ باد‘ اور ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، کئی دنوں کی محنت اور ریہرسل کے بعد سبز اور سفید لباس میں ملبوس بچوں نے یہ عظیم الشان انسانی پرچم بنا کر حب الوطنی کا ایک ناقابلِ فراموش منظر پیش کیا۔
تقریب میں سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، کمشنر سکھر ڈویژن عابد قریشی، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، میونسپل کمشنر علی رضا انصاری سمیت بڑی تعداد میں معزز افسران، اساتذہ اور والدین شریک ہوئے۔
شرکا اور شہریوں نے طلبہ کے عزم، ڈسپلن اور محنت کو سراہتے ہوئے اس مظاہرے کو سکھر کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ’یہ منظر ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اُس غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا، اور یہ جمہوریت کے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی اُس جرات مند جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے، جنہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کے حقوق کے دفاع میں تاریخ رقم کی۔ آج یہ بچے ہماری اصل طاقت اور پاکستان کا مستقبل ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنے عظیم سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور بہادر افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حالیہ معرکے میں دشمن بھارت کو فیصلہ کن شکست دی، یہ فتح نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پوری دنیا کے لیے یہ پیغام ہے کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے‘۔
انہوں نے عزم کیا کہ ’ہم جلد 25 ہزار طلبہ کے ساتھ انسانی پرچم بنا کر ایک اور ریکارڈ قائم کریں گے، اور ہم اُس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر کی آزادی کی خوشخبری پورے پاکستان میں جشن کی لہر دوڑا دے گی‘۔
اس موقع پر شرکا نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی وحدت، پاکستان کی سالمیت اور آزادی کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کا عہد کیا، تقریب میں بچوں کے قومی گیت اور حب الوطنی کے نعرے ماحول کو مزید پرجوش بناتے رہے۔












لائیو ٹی وی