• KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.3°C
  • ISB: Cloudy 16°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.3°C
  • ISB: Cloudy 16°C

کراچی پولیس کا چہلم کیلئے سیکیورٹی ہدایات اور ٹریفک پلان جاری

شائع August 14, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

کراچی پولیس نے جمعرات کو حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے جلوس کے لیے جامع سیکیورٹی اقدامات سے متعلق بتایا اور ساتھ ہی ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔

کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) جاوید عالم جاوید نے ایک بیان میں کہا کہ چہلم کے موقع پر 108 جلوسوں میں 7 ہزار 465 پولیس افسران و اہلکار، 501 مجالس میں 2901، اور 642 امام بارگاہوں میں 1113 اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، اس طرح مجموعی طور پر 11 ہزار 479 پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مرکزی جلوس کے راستے کو ملانے والی تمام سڑکیں مکمل طور پر بند رہیں گی جب کہ نشتر پارک کے اردگرد غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ تمام تھانہ انچارجز کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے علاقوں میں موجود رہیں، گشت میں اضافہ کریں، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی کو مؤثر بنائیں جب کہ حساس تنصیبات، عوامی مقامات، سرکاری و نجی عمارتوں پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹوں اور تلاشی کے عمل کو مزید مربوط بنایا گیا ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے اہم مقامات کی سویپنگ اور کلیئرنس مکمل کرائی جا رہی ہے، ساتھ ہی انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے اور ریکارڈنگ کو بھی مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے واضح کیا کہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایم اے جناح روڈ بند رہے گی

پولیس کے مطابق جمعہ کو جلوس کے باعث کراچی کی مصروف ایم اے جناح روڈ بند رہے گی۔

ٹریفک پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں جلوس کے روایتی راستے اور متبادل ٹریفک پلان کی تفصیلات جاری کی گئیں۔

مرکزی جلوس جمعہ کو نشتر پارک سے شروع ہو کر حسینیہ ایرانی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا اور اپنا روایتی راستہ اختیار کرے گا, سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایم اے جناح روڈ گرو مندر سے ٹاور تک بند رہے گی۔

پریس ریلیز میں ضلع وسطی، مشرقی اور جنوبی کے لیے مختلف متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ ہیوی ٹریفک کے لیے خصوصی ڈائیورژن پلان دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کسی قسم کی چھوٹی یا بڑی گاڑی کو گرو مندر چوک سے آگے جلوس کے راستے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، اور بغیر اجازت نامے کے ایم اے جناح روڈ پر داخلہ ممنوع ہوگا۔

جلوس میں شریک ہونے والے افراد اور سبیل یا نیاز تقسیم کرنے والی گاڑیوں کے لیے الگ اندراجی راستے مقرر کیے گئے ہیں جب کہ جلوس کے راستے پر کسی بھی قسم کی گاڑی پارک کرنے پر پابندی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025