• KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Sunny 21.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.9°C
  • LHR: Sunny 21.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C

چینی ٹیکسٹائل گروپ کیلئے اسلام آباد میں خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح

شائع August 15, 2025
فوٹو: حکومت پاکستان، ایکس
فوٹو: حکومت پاکستان، ایکس

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) کا افتتاح کیا، جو ایک چینی ٹیکسٹائل گروپ کی جانب سے قائم کیا جائے گا اور جس سے ملکی برآمدات میں 400 ملین ڈالر کا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی ) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے چین کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات رہے ہیں، اور چین نے متعدد سرمایہ کاریوں اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے اس کی مدد کی ہے، جیسے کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، جو اس وقت اپنے دوسرے مرحلے میں ہے اور ملک کی معیشت کے لیے ’ لائف لائن’ قرار دی گئی ہے۔

پروگرام کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، صاف توانائی، زراعت اور روزگار سے متعلق منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے خصوصی اقتصادی زون کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’ اقدام ٹیکنالوجی کی منتقلی، مہارتوں کی ترقی اور پائیدار صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔’

یہ منصوبہ چینی ٹیکسٹائل گروپ چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے قائم کیا جائے گا، جو پانچ سال میں اس پر 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیرِاعظم نے کمپنی کے چیئرمین ہوانگ وی گو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی اور پاکستان کی ’ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے’ کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، جام کمال، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس احمد لغاری، اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اس زون کے قیام کے لیے مکمل سہولت فراہم کرے گی، جو ’ سی پیک کے صنعتی حصے’ کا ایک جزو ہوگا، اور پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کی اس خواہش کا اظہار کیا کہ ملک میں مزید ایسے صنعتی یونٹ قائم کیے جائیں اور چین کے ٹیکسٹائل سیکٹر سے فائدہ اٹھایا جائے۔

اے پی پی نے وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’ چین-پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس جلد چین میں منعقد کی جائے گی، جو دونوں ممالک کے نجی کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کا موقع فراہم کرے گی۔’

چیئرمین ہوانگ نے کہا کہ وہ پاکستان میں ایک جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تعاون اور مہمان نوازی دکھائی۔

خیال رہے کہ جولائی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں، منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے ایک چینی وفد کو یقین دلایا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

رواں سال کے آغاز میں حکومت سندھ نے بھی سی پیک فیز ٹو کے تحت دھابیجی خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کے لیے چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025