• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C

پاکستان میں ذیابیطس میں مبتلا 34 لاکھ مریضوں کو اعضا کی محرومی کا خطرہ، ماہرین کا انتباہ

شائع August 15, 2025
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کو اعضا سے محرومی کا خطرہ لاحق ہے، ملک میں تقریباً 34 لاکھ افراد ذیابیطس میں مبتلا ہیں اور کئی شدید پیچیدگیوں، بشمول پاؤں کے زخم اور اعضا سے محرومی کے خطرے میں ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق ماہرین نے بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیبیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی (بی آئی ڈی ای) میں ایک کثیر الشعبہ سہولت کے آغاز کے موقع پر خبردار کیا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے تقریباً 10 فیصد مریض ذیابیطس کے سبب پاؤں کے مسائل کا شکار ہیں، جس سے 34 لاکھ سے زائد افراد شدید زخم یا اعضا کی محرومی کے خطرے میں ہیں۔

ماہرین نے ملک میں ذیابیطس کی بلند ترین شرح پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس خاموشی سے دل کے دورے، فالج، گردے کی ناکامی، اندھے پن اور طویل مدتی معذوری کو بڑھا رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ پاکستان کے سب سے مہلک اور سب سے مہنگے صحت کے مسائل میں شامل ہے۔

بی آئی ڈی ای کے ڈائریکٹر پروفیسر زاہد میاں نے کہا کہ ذیابیطس عالمی سطح پر گردے کی ناکامی اور اعضا کے کٹنے کی سب سے بڑی وجہ ہے اور فالج کے اہم محرکات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ صرف اعداد و شمار نہیں، یہ زندگیاں ہیں جو ضائع ہو رہی ہیں یا ہمیشہ کے لیے بدل رہی ہیں۔

پروفیسر زاہد نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو انسانی اور معاشی نقصان بڑھتا رہے گا۔

اس سہولت میں 15 مخصوص کلینکس اور 30 سے زائد ماہر مشیر موجود ہیں جو ذیابیطس اور اس کی پیچیدگیوں کا جامع علاج ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرتے ہیں۔

سہولت کی خدمات میں کارڈیک کلینک، نیورولوجی اور فالج کلینک، نیفرالوجی کلینک اور آنکھوں کی کلینک شامل ہیں، تاکہ مریض بروقت، مربوط اور مکمل دیکھ بھال حاصل کر سکیں۔

بی آئی ڈی ای کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیف الحق نے کہا کہ اس مرکز کا کثیر الشعبہ نقطہ نظر پاکستان میں ذیابیطس کے بوجھ کو مکمل طور پر حل کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو روک تھام اور ابتدائی تشخیص سے لے کر پیچیدہ پیچیدگیوں کے علاج تک کام کرے گا، جس کا مقصد مریضوں کے نتائج اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

بقائی فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی فضا بقائی، جنہوں نے ربن کاٹنے کی تقریب کی قیادت کی، انہوں نے اسپتال کو امید، شفا اور بہتر زندگیوں کا وعدہ قرار دیا۔

تقریب میں ملک کی بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں بشمول ایٹکو فارما، فارمیوو، نووو نارڈسک پاکستان، اونیسٹ پاکستان، میکس ٹیک، مارٹن ڈو، گیٹس، سیئرلے لیبارٹریز، ہائیہون فارما اور ہوریزون کے سینئر ایگزیکٹوز کے علاوہ صحت اور پولیس کے سینئر اہلکار بھی شریک ہوئے۔

فارمیوو اور پریمئر گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون قاسم نے بی آئی ڈی ای کی خدمات کو پاکستان میں معیاری اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کو حقیقت بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025