پاکستان ٹیم ایشیا کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، سرفراز احمد

شائع August 17, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہےکہ گزشتہ 3 سے 4 سالوں کے دوران پاکستان کی ایک نئی ٹیم اُبھر کے سامنے آئی ہے، حسن نواز، حسین طلعت، صائم ایوب سمیت نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنے۔

کراچی میں منعقدہ نجی تقریب کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ اور ٹرائی نیشن سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی ٹیم ایشیائی ایونٹ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کا شاندار ریکارڈ رہا ہے، جس کا فائدہ آنے والے دونوں ایونٹس میں ملے گا۔

فخر زمان کی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والا بیٹر، پاکستان ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، وہ میچ ونر اور حالیہ کچھ عرصے سے بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے۔

اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اُٹھا دیئے، انہوں نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز کیلئے یہ ٹیم موزوں ہے تاہم ایشیا کپ اور روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ کو مدِنظر رکھتے ہوئے سوچ سمجھ کر ٹیم بنانی چاہیے تھی۔

وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ حالیہ باہمی سیریز کے دوران پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی، نوجوان کھلاڑی اہم مواقعوں پر پریشر کا شکار نظر آئے۔

کامران اکمل نے سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ دونوں بیٹرز کا ایشائی ایونٹ کیلئے ٹیم میں موجود ہونا ضروری ہے، ایک دو میچز کی بنیاد پر آپ سینئر پلیئرز کو اہم ایونٹ سے باہر نہیں کر سکتے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا سسٹم خراب، میرٹ پر عمل نہیں ہوتا، کرکٹ بورڈ گزشتہ 7 سے 8 سالوں سے غلطیوں پر غلطیاں کرتا آرہا ہے، تاہم اس کے باوجود کسی کا بھی دھیان نہیں ہے، نان کرکٹرز جب بورڈ کو چلائیں گے تو پھر اسی طرح کے فیصلے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو پی سی بی پر دھیان دینا ہوگا، ہر کوئی اپنے من پسند افراد کو نوازنے میں لگا ہوا ہے، یہاں پسند نہ پسند کی بنیاد پر ٹیمیں بنائی جاتی ہیں۔

تقریب میں ہی موجود سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان میں میرٹ پر ٹیم بن رہی ہے، امید ہے قومی ٹیم ایشیا کپ میں بہترین پرفارمنس دے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025