حکومت سندھ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کیلئے 15 ٹرک امدادی سامان روانہ
حکومت سندھ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا گیا جبکہ وفاقی وزارت صحت کی جانب سے گلگت بلتستان کے سیلاب زدگان کے لیے طبی امداد بھیجی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے بھی خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔
سندھ کے صوبائی وزیر برائے ریلیف سید مخدوم محبوب زمان نے پشاور گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر ایمرجنسی میں پشاور آیا ہوں یہ احساس دلانے کہ پیپلزپارٹی، حکومت سندھ اور بھٹو خاندان متاثرین کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امداد اپنی جگہ مگر آئندہ بھی اپنے خیبر پختونخوا کے بہن بھائیوں کاساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والی جانی و مالی نقصان پر افسوس ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر امدادی سامان کی خریداری ہنگامی صورت حال میں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل 15 ٹرک ہیں، تین ٹرکوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس ہیں اور11 ٹرکوں میں اشیائے خوراک ہیں۔
صوبائی وزیر برائے ریلیف نے کہا کہ ایک خوراک کے پیکج پر ایک خاندان کا 15 دن تک گزارا ہو گا۔
دریں اثنا، وفاقی وزارت صحت کی جانب سے گلگت بلتستان کے سیلاب زدگان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری ادویات اور طبی سامان کا اسٹاک روانہ کردیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق سامان سی ون 30 طیارے کے ذریعے متاثرہ علاقوں کی جانب بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت صحت متاثرینِ سیلاب کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اور مؤثر طبی امداد ممکن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایں گے، وزارت صحت مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا اورگلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔











لائیو ٹی وی