• KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ’نئی انرجی وہیکل پالیسی 30-2025‘ کی منظوری دے دی

شائع August 19, 2025
— فوٹو: فنانس ڈویژن
— فوٹو: فنانس ڈویژن

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے پیش کی گئی ’نئی انرجی وہیکل پالیسی 30-2025‘ کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اہم معاشی و ترقیاتی معاملات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و سرکاری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے ’نئی انرجی وہیکل پالیسی 30-2025‘ کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے مطابق جامع اور دوراندیش قرار دیتے ہوئے اس کے امکانات کو سراہا اور اسے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔

اجلاس کے دوران ای سی سی نے وزارتِ بحری امور کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا، جس میں جنوبی افریقہ میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے جہازوں کی گرفتاری کا معاملہ شامل تھا، جو مبینہ طور پر پاکستان اسٹیل ملز لمیٹڈ کے خلاف ایم/ایس کونِسٹن کے دعووں کے باعث پیش آیا۔ غور و خوض کے بعد ای سی سی نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت دی کہ 2017 میں کیے گئے ای سی سی کے سابقہ فیصلے کے مطابق پی این ایس سی کو 330.526 ملین روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے فراہم کیے جائیں، جبکہ وزارتِ صنعت و پیداوار کو ہدایت دی گئی کہ ثالثی کیس کے حتمی تصفیے کو فوری طور پر عدالت میں نمٹایا جائے اور تین ماہ کے اندر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔

اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے پاور ڈویژن کی تجویز کی منظوری بھی دی، جس کے تحت ملک بھر میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کو یکساں طور پر لاگو کیا جائے گا۔ ایک اور ایجنڈا آئٹم کے تحت، ای سی سی نے پرائم منسٹر فین ریپلیسمنٹ پروگرام کے آغاز کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول نیکا (NEECA)، اسٹیٹ بینک اور بینکوں کے مابین ڈرافٹ سہ فریقی معاہدے کی بنیاد پر تیار کردہ ٹرم شیٹ کی منظوری دی، پروگرام کے آغاز کے لیے ای سی سی نے نیکا کے حق میں 2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی۔

ای سی سی نے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کے اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل کے لیے 25 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی اور فیصلہ کیا کہ باقی رقم مرحلہ وار جاری کی جائے گی، جس میں اخراجات کے جواز اور تناظر کو وزارتِ خزانہ کے ساتھ مشاورت کے بعد مدنظر رکھا جائے گا۔

راست کیو آر کوڈ پر مبنی پرسن ٹو مرچنٹ ادائیگیوں پر سبسڈی کی منظوری

وزارتِ خزانہ کی جانب سے راست (RAAST) کیو آر کوڈ پر مبنی پرسن ٹو مرچنٹ ادائیگیوں پر سبسڈی کے حوالے سے تجویز پیش کی گئی، جس پر ای سی سی نے موجودہ مالی سال کے لیے 3.5 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی، جسے تین سال تک جاری رکھا جائے گا، اس سبسڈی کا مقصد ڈیجیٹل اپنانے میں تیزی لانا اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا ہے۔

ای سی سی نے مزید فیصلہ کیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اس اسکیم کا فوری نوٹیفکیشن جاری کرے اور مالی سال کے اختتام تک MDR سبسڈی اسکیم کی آپریشنل افادیت پر جامع رپورٹ ای سی سی کو پیش کرے۔

ای سی سی کو چھوٹے کسانوں اور کم سہولت یافتہ علاقوں کے لیے رسک کوریج اسکیم پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد پنجاب اور سندھ کے چھوٹے کسانوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام کسانوں کو کوریج فراہم کرنا ہے، کیونکہ ان علاقوں کا زرعی قرضہ جات کی تقسیم میں حصہ کم ہے۔

توقع ہے کہ اس اسکیم کے ذریعے آئندہ تین سالوں میں 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد نئے کسانوں کو باضابطہ کریڈٹ سسٹم میں شامل کیا جا سکے گا۔

آخر میں، ای سی سی نے ملک میں مجموعی گیس کے شعبے اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وزارتِ پیٹرولیم کو ہدایت دی کہ اس شعبے میں نقصانات کو کم کرنے اور آپریشنل استعداد کار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025