وزیراعلیٰ سندھ کا بارش کے باعث آج کراچی میں عام تعطیل کا اعلان

شائع August 20, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز / اسکرین شارٹ
— فوٹو: ڈان نیوز / اسکرین شارٹ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شدید بارشوں کے پیش نظر کراچی میں آج بروز بدھ عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ شہر قائد میں 12 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مزید بتایا گیا کہ اس وقت تک متعدد اہم سڑکیں کسی حد تک کلیئر کر دی گئیں، صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے آج کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دے دیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں شدید بارش نے جل تھل ایک کردیا، کئی سڑکیں ڈوب گئیں، ریڈ لائن منصوبے سمیت ادھورے ترقیاتی کاموں نے شہریوں کو دہری مشکل میں مبتلا کردیا، جبکہ متعدد حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔

ادھر، شہر قائد میں بارش کے باعث شہریوں کو بجلی کی طویل بندش، ٹریفک جام سمیت دیگر پریشانیوں کا سامنا ہے، جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رین ایمرجنسی کا اعلان کر رکھا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح 8 تا رات 8 بجے تک سب سے زیادہ 177 ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی، اولڈ ایئرپورٹ 158،جناح ٹرمینل پر 153، ناظم آباد میں 149.6 ملی میٹر، سرجانی ٹاؤن میں 145.2، کیماڑی میں 140، سعدی ٹاؤن میں 140.2، ڈی ایچ اے فیز 7 میں 134، یونیورسٹی روڈ پر 133، پی اے ایف بیس فیصل پر 128، نارتھ کراچی میں 108.4، کورنگی میں 132.2، گلشن معمار میں 98، پی اے ایف مسرور بیس پر 87، اورنگی ٹاؤن میں 66.2 اور بحریہ ٹاؤن میں 4.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025