اندرون سندھ مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم
حیدرآباد، سجاول، جامشورو، سیہون اور ٹنڈوآدم سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا جب کہ حیدرآباد اور قریبی علاقوں میں بارش ہوتے ہی حیسکو کے 223 فیڈرز ٹرپ کرگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق اندرون سندھ کےمختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث ایک لڑکا جاں بحق ہوگیا جب کہ متعدد علاقے زیر آب آگئے۔
حیدرآباد، ٹنڈو آدم، جامشورو اور سیہون سمیت سندھ کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
ہالا اور بھٹ شاہ سمیت مختلف علاقوں میں طوفانی بارش نے شہریوں کو گھروں میں محصورکردیا جب کہ بارش شروع ہوتے ہی تمام شہروں میں بجلی منقطع ہوگئی جس سے لوگوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا۔
حیدرآباد میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقے اور کچی آبادیاں زیر آب آگئیں، شدید بارش کے باعث شہری زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
حیدرآباد میں پانی شاہراہوں پر جمع ہونے سے گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ بارش کا پانی گھروں دکانوں مارکیٹوں اور دفاتر میں بھی داخل ہوا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود بلدیہ انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندوں نے نہ تو بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کیے اور نہ ہی عوام کو ریلیف دینے کے لیے بروقت امدادی کام کیا۔
دوسری جانب، جامشورو میں بھی جم کر بادل برسے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جامشورو کے کوہستانی علاقے میں 10 سالہ لڑکا برساتی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوا، لڑکےکی لاش پانی سے نکال کراسپتال منتقل کر دی گئی۔
سیہون کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، دو یوسیز کا زمینی رابطہ سیہون شہر سے منقطع ہوگیا۔
جہانگارا روڈ زیر آب آنے سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، دادو میں کاچھو کیرتھر پہاڑ پر تیز بارش سے ندی نالے پانی سے بھرگئے جس کے باعث متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔












لائیو ٹی وی