• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Rain 15.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.2°C
  • ISB: Rain 15.1°C

عمران خان باہر آتے نظر نہیں آرہے، ضمانت پر پی ٹی آئی کا جشن سمجھ سے بالاتر، وفاقی وزیر اطلاعات

شائع August 21, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان جیل سے باہر آتے نظر نہیں آرہے، ضمانت کا مطلب رہائی نہیں ہے، پی ٹی آئی والے اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کا مطلب رہائی نہیں ہے، افسوس ناک امر ہےکہ بانیِ تحریک انصاف کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 کی سال کی سزا ہو چکی ہے، اور یہ لوگ ضمانت ملنے پر جشن منا رہے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے جب کہا کہ ضمانتیں ملنے پر ہماری جیت ہوئی ہے، تو یہ سن کر مجھے بہت عجیب لگا، کئی کیسز میں قاتل اور چور کو بھی ضمانت ملتی ہے، 9 مئی کیس میں ٹرائل چل رہا ہے اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچنا ہے۔

9 مئی کے دوران ملٹری اور سرکاری مقامات پر منصوبہ بندی کے تحت جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، جس کا ملک دشمن عناصر کو فائدہ پہنچانا تھا، اس کیس میں ان کے پاس کوئی دفاع نہیں ہے، یہ جشن منا کر اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 سال کی قید کاٹ رہے ہیں، تو پھر ان ضمانتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی رہائی ہوئی ہے، جشن کیا جا رہا ہے شادیانے بجائے جا رہے ہیں، انہیں کوئی بتائے کہ ضمانت اور بریت میں فرق ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ 9 مئی کی ساری منصوبہ بندی بانی چیئرمین نے کی، عمران خان نے اختلاف کرنے والے رہنماؤں کی بات بھی نہیں مانی۔

ویڈیو پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں شواہد، پراسیس اور ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو 14 سال کی سزا ہوئی، انہوں نے ملک ریاض کو اربوں روپے کس مد میں اورکس طریقے سے دیئے، عدالت میں اپنا دفاع پیش نہیں کر سکے۔

.

190 ملین پاؤنڈ میں سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے اربوں روپے جو حکومت پاکستان کو ملنا ہوں، اُسے ایک اور جرمانہ میں سے جمع کروا دیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، تو پھر عمران خان اور ان کی اہلیہ نے القادر یونیورسٹی کی ٹرسٹ کیوں بنائی اور اس میں ملک ریاض سے اتنی زیادہ زمینیں کیوں لیں، اس بات کا جواب بھی وہ عدالت میں نہیں دے سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا 190 ملین پاؤنڈ کیس میں واضح ہے عمران خان کے حکم کے تحت بند لفافہ کابینہ سے منظور کروایا گیا، تاکہ کابینہ کو یہ نہ پتا چلے کہ اس لفافے میں کیا ہے۔

اُس وقت کی کابینہ میں موجود کچھ لوگوں نے اس بات پر اعتراض بھی اٹھایا تھا کہ ہمیں بتایا جائے کہ اس لفافے میں کیا ہے، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کا اس سے سروکار نہیں ہے بس اسےمنظور کریں۔

عطا اللہ تارڑ نے آخر میں کہا کہ پی ٹی آئی کی روش رہی کہ یہ لوگ کیسز میں تاریخ پر تاریخ لیتے ہیں، ان کے خلاف 9 مئی کیس میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، انہوں نے پہلے بھی مٹھائیاں کھائی تھیں جو پھیکی نکلیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج (21 اگست) کو 9 مئی کے 8 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی ہیں۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شفیع صدیقی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

پی ٹی آئی بانی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے تھے جبکہ پنجاب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے ریاست کی نمائندگی کی، دونوں کے دلائل مکمل ہونے پر چیف جسٹس نے بینچ کا فیصلہ سنایا تھا۔

تاہم عمران خان کے خلاف دیگر کئی مقدمات بھی زیر سماعت ہیں، وہ اگست 2023 سے توشہ خانہ کیس میں قید ہیں اور اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کی سزا کاٹ رہے ہیں، ساتھ ہی ان پر 9 مئی فسادات سے متعلق مقدمات بھی چل رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025