نیب نے ایک ہی کیس میں متاثرین کی سب سے بڑی تعداد کو ادائیگیاں شروع کردیں
نیب راولپنڈی نے ’ بی فار یو فراڈ کیس’ میں متاثرین کو ادائیگیوں کا آغاز کر دیا، پہلے مرحلے میں تین ارب 70 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق نیب نے ایک ہی کیس میں متاثرین کی سب سے بڑی تعداد کو ادائیگیوں کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی زیر صدارت تقریب ہوئی، تقریب میں متاثرین، پراسیکیوٹر جنرل احتساب، ڈائریکٹر جنرلز اور سینئر نیب افسران نے شرکت کی۔
’ بی فار یو ’ کو پاکستان کا سب سے بڑا مالیاتی فراڈ قرار دیا گیا تھا، اس کیس میں نیب نے 5 فروری 2021 کو تحقیقات شروع کی تھیں، اور ملزمان کے 56 بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں منجمد کر لی گئی تھیں۔
’ بی فار یو ’ اسکیم میں عوام سے 7 فیصد ماہانہ منافع کے وعدے پر اربوں روپے ہتھیائے گئے تھے، نیب کی کارروائیوں سے ملزمان سے 7 ارب 30 کروڑ روپے کی ریکوری کا عمل شروع ہوا تھا۔
نیب کی جانب سے متاثرین کے دعووں کی تصدیق کے لیے آن لائن ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کیا گیا تھا۔
نیب کی جانب سے 10 ہزار متاثرین کو مکمل رقم اور ساڑھے سات ہزار متاثرین کو ان کی 40 فیصد رقم دی گئی، باقی 60 فیصد رقم چھ ماہ کے اندر جائیدادوں کی نیلامی کے بعد ادا کی جائے گی اور آئندہ متاثرین کو ادائیگی براہ راست بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی۔
چیئرمین نیب نے عوام کو سرمایہ کاری سے پہلے احتیاط اور جانچ پڑتال کرنے کا مشورہ دیا جبکہ بی فار یو ریکوری کیس میں نیب ٹیم کے لیے عمرہ پیکیج کا اعلان بھی کیا گیا۔












لائیو ٹی وی