اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل: 'میاپپن چنئی کی ٹیم چلارہے تھے'

شائع October 1, 2013

سابق آسٹریلوی بلے باز مائیکل ہسی۔ اے ایف پی فوٹو۔
سابق آسٹریلوی بلے باز مائیکل ہسی۔ اے ایف پی فوٹو۔

 سڈنی: سابق آسٹریلوی بلے باز مائیکل ہسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہ این سری نواسن کے داماد آئی پی ایل فرینچائز چنئی سپر کنگز چلارہے تھے۔

سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپپن کو ممبئی پولیس کی جانب سے جعل سازی، دھوکہ دہی، مجرمانہ سازش، کانٹریکٹ کی خلاف ورزی اور سٹے بازوں کو ٹیم کے حوالے سے اہم معلومات دینے کے الزامات کا سامنا ہے۔

تاہم سری نواسن کا کہنا ہے کہ میاپپن صرف کرکٹ کے مداح ہیں اور وہ ٹیم کے ساتھ ڈگ آؤٹ میں صرف بیٹھا کرتے تھے۔

ہسی چنئی سپر کنگز کے ساتھ آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے ہی ساتھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی آٹو بائیوگرافی میں میں لکھا ہے کہ میاپپن ٹیم چلا رہے تھے۔

'ہمارا مالک انڈیا سیمنٹ تھا جس کی سربراہی سری نواسن صاحب کررہے تھے۔ وہ بی سی سی آئی کے بورڈ ممبران میں شامل تھے تو انہوں نے ٹیم کا کنٹرول اپنے داماد گروناتھ صاحب کے حوالے کردیا'۔

ہسی کا کہنا تھا کہ میاپپن اور اس وقت کے کوچ کیپلر ویسلس ٹیم کی باگ دوڑ سنبھال رہے تھے۔

خیال رہے کہ ہسی پہلے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے کھلے عام کہا ہے کہ میاپپن ٹیم کے انچارج تھے۔

ان کے بیانات کی وجہ سے سری نواسن کے لیے مزید مشکلات جنم لے سکتی ہیں جنہیں اتوار کے روز تیسری مرتبہ بورڈ کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔

سری نواسن کا ہندوستان سپریم کورٹ نے بورڈ کے انتظامات کا چارج سنبھالنے سے یہ کہکر روک رکھا ہے کہ ان کے پاس بورڈ کی سرپرستی کرنے کا اخلاقی جواز نہیں۔

سری نواسن نے میاپپن سے خود کو دور رکھا اور کہا ہے کہ ان کے داماد کے اعمال کے لیے انہیں جوابدہ نہیں ٹہرایا جاسکتا۔

اسکینڈل کی وجہ سے پہلے ہی راجستھان رائل کے دو کھلاڑیوں، ایس سری سانتھ اور انکیت چون پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی ہے۔

بی سی سی آئی کے اپنی تحقیقات ٹیم کو عدالت پہلے ہی غیر قانونی قرار دے چکی ہے جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ سری نواسن تحقیقات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025