• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

علیمہ خان کے بیٹے کو سادہ لباس افراد گھر سے ’اغوا‘ کرکے لے گئے، پی ٹی آئی کا الزام

شائع August 21, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے کو’ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اغوا ’ کر لیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل رانا مدثر عمر نے ڈان کو بتایا کہ علیمہ خان کے بیٹے شاہر یز خان کو لاہور میں اپنے گھر سے ’ اغوا’ کرلیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ’ سادہ کپڑوں میں ملبوس لوگ گھر میں داخل ہوئے اور علیمہ خان کے بیٹے کو اپنے ساتھ لے گئے، نہ تو شاہریز کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی اس کا سیاست سے کوئی تعلق ہے۔’

رانا مدثر نے کہا کہ شاہریز کی موجودگی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور وہ اس کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’ایک حملے کے دوران سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے کو ان کے گھر سے اغوا کر لیا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ’ ہم اس غنڈہ گردی اور ظلم کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم موجودہ حکومت اور چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے بیٹے کو فوری طور پر بازیاب کر کے بحفاظت واپس کیا جائے۔’

پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ علیمہ خان کے گھر پر سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے حملہ کیا ہے، ان کے بیٹے شاہریز کو اغوا کر لیا گیا ہے، اہل خانہ کو ہراساں اور عملے کو مارا پیٹا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کے ایک طویل بیان میں اس واقعے کو ’ بدمعاشی اور جبر کی انتہا ’ قرار دیا گیا۔

بیان میں الزام لگایا گیا کہ ’شاہریز خان کو گھر کے دروازے توڑنے کے بعد اُن کے کمرے سے اغوا کیا گیا، ملازمین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کمرے میں زبردستی داخل ہو کر شاہریز خان کو ان کے دو معصوم بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔‘

بیان میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ شاہریز کو کل لاہور ایئرپورٹ پر اپنی اہلیہ کے ساتھ سفر کرنے سے روکا گیا اور انہیں ’ غیرقانونی طور پر جہاز سے اتارا گیا۔’ پی ٹی آئی نے اس سلوک کو ’ بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی’ قرار دیا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ایکس پر واقعے کی مذمت کی اور شاہریز کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ’ علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو ان کے گھر سے سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے اغوا کرنا قابلِ مذمت ہے۔’

قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے بھی اس واقعے کی مذمت کی۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ’ سادہ لباس نامعلوم افراد نے گھر پر حملہ کیا، ان کے بیٹے شاہریز کو اغوا کر لیا اور گھریلو عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔’

انہوں نے مزید کہاکہ’ ایسے بزدلانہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ وزیراعظم عمران خان، ان کے اہل خانہ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو شکست نہیں دی جا سکتی۔’

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بھی اس واقعے کے دوران گھریلو ملازمین پر مبینہ طور پر حملے اور خاندان کو ہراساں کیے جانے کو اجاگر کیا۔

علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ایچی سن کالج سے اپنی تعلیم مکمل کی اور اس کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا، فی الوقت وہ آسٹریلیا کی ایک بڑی لینن سپلائر کمپنی ’ سمبا گلوبل’ میں ریجنل ہیڈ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ایک ٹرائیتھلیٹ بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025