زرعی شعبے میں چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ کو تربیت دینے پر چینی قیادت کے مشکور ہیں، زرعی شعبے میں چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے۔
اسلام آباد میں پاکستانی طلبہ کو چین بھیجنے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبے میں تربیت کیلئے طلبہ کا میرٹ پرانتخاب کیا گیا، پاکستانی طلبہ کو تربیت دینے پر چینی قیادت کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے کا آغاز میرے چین کے شان ژی صوبے کے دورے سے ہوا تھا، جہاں ہم نے زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا، وہاں میں انتہائی اعلیٰ معیار کی تعلیم اور تربیت سے بہت متاثر ہوا، جو ہزاروں طلبہ کو دی جارہی تھی، پھر ہم نے فیصلہ کیا کہ پاکستانی طلبہ کو بھی چین میں شارٹ کورس کرنے چاہیئں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے، زرعی شعبے میں بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین میں ایک ہزار طلبہ کو تربیت کے لیے بھیجا جائے گا، 300 طلبہ تربیت حاصل کرکے وطن واپس آچکے ہیں، 100 طلبہ وہاں موجود ہیں جبکہ 300 طلبہ کا یہ بیچ 24 اگست کو روانہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اور زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ا نہوں نے چین میں تربیت کے لیے منتخب طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ یاد رکھیں کہ چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتبار اور ہر مشکل وقت کا دوست ہے، چین میں پاکستان کے زبردست سفیر بنیں، اور مختصر وقت میں زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین جانے والے طلبہ میں بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد زائد ہے کیونکہ ہم بلوچستان کے طلبہ کو دیگر طلبہ کے ہم پلہ بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا انتخاب میرٹ پر ہوا ہے اگر یہی میرٹ محنت، امانت اور دیانت کا معیار ہم زندگی کے ہر شعبے میں لاگو کردیں تو خدا گواہ ہے کہ پاکستان صرف چند سالوں میں اس مقام پر پہنچ جائے گا جو پاکستان کی بنیاد تھی۔
وزیراعظم نے طلبہ سے کہا کہ پاکستان میں کپاس کی کاشت 14 ملین سے چار ملین گانٹھیں رہ گئی ہیں، آپ چین میں ہائبرڈ بیج کی ٹیکنالوجی حاصل کریں، اسی طرح پاکستان میں لائیو اسٹاک انڈسٹری بہت ترقی کرسکتی ہے، آپ چین میں ریسرچ سینٹرز کا دورہ کریں اور ٹیکنالوجی حاصل کریں۔
وزیراعظم نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی آپ کے ہاتھ میں ہے۔
قبل ازیں، پاکستان میں چینی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، زرعی شعبے میں طلبہ کی تربیت سے دوررس نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، زراعت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی تیز تر ترقی میں چین ساتھ دیتا رہے گا۔











لائیو ٹی وی