وزیراعلیٰ سندھ نے 150 سالہ تاریخی برگد کے درخت کی بحالی کی ہدایت
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حالیہ طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث گرنے والے 150 سال پرانے برگد کے تاریخی درخت کی بحالی کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر سیکریٹری جنگلات نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں قصرِ ناز کے مقام پر بارش اور تیز ہواؤں سے گرنے والے 150 سالہ تاریخی برگد کی فوری طور پر بحالی کے کام کا آغاز کر دیا ہے، چیف کنزرویٹر جاوید مہر ٹیم کے ہمراہ درخت کی بحالی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔
مراد علی شاہ نے اس حوالے سے کہا کہ صدیوں پرانے درخت صرف ثقافتی ورثہ اور آبا و اجداد کی یادگار ہی نہیں بلکہ ماحول کے تحفظ کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے دور میں ہر پودے کی بے انہتا اہمیت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ برگد کو ’شجرِ حیات‘ بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے یاد دلایا کہ محکمہ جنگلات نے 2021 میں سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں موجود ایک اور تاریخی درخت کی بھی بحالی کی تھی جو بارشوں کے باعث گر گیا تھا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت قدیم درختوں کے تحفظ اور ان کی بحالی کے لیے پُرعزم ہے تاکہ ماحول کے تحفظ اور پائیداری کو فروغ دیا جا سکے۔











لائیو ٹی وی