عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں سیاسی کمیٹی آج الیکشن کا فیصلہ کرے گی، سلمان اکرم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان نے میرا استعفیٰ منظور نہیں کیا جبکہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے سیاسی کمیٹی آج دوبارہ ملاقات کرے گی۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ میرے استعفیٰ پر عمران خان نہیں مانے اور انہوں نے استعفیٰ منظور نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے آج سیاسی کمیٹی شام کو میٹنگ کرے گی۔
جس پر صحافی نے سوال کیا ’عمران خان نے الیکشن نہ لڑنے کا کہا ہے‘؟
سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ میں نے ایسا ہرگز نہیں کہا، عمران خان نے کچھ ہدایات دی ہیں، ان ہدایات کی روشنی میں سیاسی کمیٹی الیکشن لڑنے یا نہ لڑنے سے متعلق حتمیٰ فیصلہ کرے گی۔
اپوزیشن لیڈر سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارا واضح موقف ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہمارے اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز ہی ہیں اور وہ اس وقت عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑ رہے ہیں، پشاور ہائی کورٹ میں مسلسل پیش ہو رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم تمام قانونی امکانات کو پورا کریں گے، اگر اس کے بعد ضرورت پڑتی ہے تو قومی اسمبلی کے لیے عمران خان نے آج پھر محمود خان اچکزئی کا نام خان دوہرایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے آج اپنی بہنوں سمیت ہم سب کا نکتہ نظر سن کر کچھ واضح ہدایات دی ہیں، جس پر سیاسی کمیٹی کی آج ملاقات ہوگی اور ان ہدایات کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ہماری جب ملاقات ہوئی تو عمران خان نے واضح طور پر بتایا تھا کہ ضمنی الیکشن نہیں لڑنا، انتخاب میں جانے سے ناجائز نااہلیوں کو جواز مل جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے عہدے سے استعفیٰ کا اعلان کیا تھا۔
اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے، جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضا کرتا ہے، میری زندگی کھلی کتاب ہے، میرا کوئی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں۔













لائیو ٹی وی