کراچی: ملیر میں دیور نے مبینہ طور پر بھابھی کو ریپ کے بعد قتل کردیا
کراچی کے علاقے ملیر میں مبینہ طور پر دیور نے بھابھی کا ریپ کرنے کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ایک نوجوان شادی شدہ خاتون کو اس کے دیور نے مبینہ طور پر ریپ کے بعد قتل کردیا، یہ واقعہ ملیر کینٹ کی حدود میں ذکریا گوٹھ میں پیش آیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے ڈان نیوز کو بتایا کہ 30 سالہ سعدیہ کی لاش پیر کے روز ذکریا گوٹھ سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لائی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے جنسی تشدد کے شواہد ملے ہیں۔’
ڈاکٹر سمیعہ سید نے مزید بتایا کہ موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی، جو گلے کو دبانے سے واقع ہوئی، انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ملیر کینٹ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) آغا عبدالرشید نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ملزم اسحٰق کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم مقتولہ کا دیور ہے ، مقتولہ کا شوہر ڈرائیور ہے اور بھاری گاڑیاں چلاتا ہے، واقعے کے وقت وہ بلوچستان میں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کی فیملیاں ایک ہی گھر میں رہتی ہیں، ابتدا میں ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بھابھی نے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے، تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ متوفیہ کو ریپ کے بعد قتل کیا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی