انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی پرولیگ 26-2025 میں شرکت کی تصدیق کردی

شائع August 28, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کی پرو لیگ 26-2025 میں شرکت کی تصدیق کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی ایچ نے اپنے بیان میں بتایا کہ پرو لیگ سے نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد پاکستان کو پرو لیگ 26-2025 میں جگہ ملی ہے، لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پاکستان سمیت 9 ٹیمیں اِن ایکشن ہوں گی۔

ایف آئی ایچ کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم ارجنٹینا، آسٹریلیا، بیلجیئم، انگلینڈ، جرمنی، بھارت، نیدرلینڈز اور اسپین کے ساتھ کھیلے گی۔

جاری بیان میں مزید کہا گہا کہ پاکستان کی شمولیت سے پرو لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا، پرو لیگ کے ساتویں سیزن کا شیڈول اور وینیوز کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان کی واپسی عالمی ہاکی کے لیے تاریخی لمحہ ہے، پاکستان پہلی بار لیگ آف دی بیسٹ کا حصہ بنے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 27 اگست کو پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو لیگ میں شمولیت کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے جاری خط کے مطابق رقم وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے لیے فراہم کردہ اضافی 40 کروڑ روپے کے فنڈز میں سے مختص کی گئی۔

جاری کردہ رقم میں سے 25 کروڑ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایف آئی ایچ پرو لیگ میں قومی ٹیم کی شرکت کے اخراجات کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

پی ایس بی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ 3 روز کے اندر پرو لیگ میں شمولیت کے حوالے سے اپنا منصوبہ پیش کرے، جس میں کھلاڑیوں کے سفر کے شیڈول، انتظامی و لاجسٹک امور اور تربیتی پروگرام کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

گرانٹ کی منظوری پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) طارق بگٹی نے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرو لیگ میں شرکت سے قومی ٹیم کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم دنیائے ہاکی کی ٹاپ 10 ٹیموں کے ساتھ کھیلنے جا رہی ہے، یہ کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا بہترین موقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2026
کارٹون : 11 مارچ 2026