پاکستان کا آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام پر غور کرنے پر اتفاق
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو کہا کہ پاکستان نے آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ ’آرمینیا کے وزیرِ خارجہ آرارات میرزوئیان سے آج ٹیلیفون پر خوشگوار گفتگو ہوئی جس میں ہم نے پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے پر غور کرنے پر اتفاق کیا‘۔
اب تک پاکستان اور آرمینیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات میں خطے کی جغرافیائی سیاست اہم کردار ادا کرتی ہے، جہاں پاکستان نے نگورنو کاراباخ تنازع میں آذربائیجان کی حمایت کی ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے پر اپنے ردِعمل میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا تھاکہ ’پاکستان آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان وائٹ ہاؤس سربراہی اجلاس میں صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سربراہی میں ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے‘۔
وزیرِاعظم نے دونوں ملکوں کو اپنے خطے کے پرامن مستقبل کی سمت گامزن ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم ان کی تاریخ کے اس فخر کے لمحے میں ان کے ساتھ ہیں‘۔











لائیو ٹی وی