لکی مروت: لڑکیوں کے پرائمری اسکول میں دھماکا، عمارت کو جزوی نقصان پہنچا
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں لڑکیوں کے ایک پرائمری اسکول میں دھماکے سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نذیر خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات وانڈا زاہد گل کے علاقے میں پیش آیا، جو تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں آتا ہے، جہاں ایک لڑکیوں کے پرائمری اسکول میں دھماکا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) استعمال کیا گیا، جس کے باعث اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اسکول میں دو آئی ای ڈیز نصب کیے گئے تھے جن میں سے ایک پھٹ گیا اور دوسرا پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد معائنے کے دوران برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے ضلع میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ لکی مروت طویل عرصے سے دہشت گردی اور پرتشدد واقعات کا گڑھ رہا ہے، جس کی جڑیں 2000 کی دہائی کے اوائل تک جاتی ہیں۔
اگرچہ سیکیورٹی آپریشنز کے بعد ایک عرصے تک امن قائم رہا، لیکن حالیہ برسوں میں دوبارہ عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس نے مقامی امن کوششوں کو نقصان پہنچایا اور دوبارہ عدم استحکام کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔
اسی ماہ کے اوائل میں دہشت گردوں نے ضلع بھر میں حملوں کے دوران 3 فوجی جوان اور ایک خاتون کو شہید جب کہ 3 دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا، جن میں دو فوجی بھی شامل تھے۔
13 اگست کو پولیس نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں نے لکی مروت ضلع میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پنجاب کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔











لائیو ٹی وی