• KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C

ایم اے جناح روڈ دھماکا، متاثرین پٹاخوں کے گودام کی منتقلی کیلئے عدالت پہنچ گئے

شائع September 1, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے میں جاں بحق نوجوان کے اہلخانہ نے غیر قانونی گودام کی منتقلی کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 21 اگست کو پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ آتش گیر اور دھماکا خیز موادکی موجودگی کی شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، دھماکے کے مقدمے کے اندراج کے باوجود دھماکا خیز مواد تاحال نہیں ہٹایا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اطراف کے مکینوں اور عمارت میں موجود دکانداروں کے زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

مزید کہا کہ عمارت میں میڈیکل سپلائز کی مارکیٹ ہے جہاں بزرگ اور بیمار افراد خریداری کے لیے آتے ہیں، جب کہ گودام میں موجود دھماکا خیز مواد کو محفوظ طریقے سے تلف کرنا ضروری ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پٹاخوں کے فیکٹری اور گودام میں انتظامیہ بھی سہولت کاری کررہی ہے، ایکسپلوسیو ایکٹ کے تحت عوامی مقامات پر دھماکا خیز مواد کی تیاری یا رکھنے کا لائسنس بھی نہیں دیا جاسکتا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے اعلی سطح کا عدالتی یا فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دیا جائے، پٹاخوں کی تیاری اور گوداموں کو شہری علاقوں سے منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں سندھ حکومت، کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر جنوبی، ڈی جی سیپا اور سول ڈیفنس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 21 اگست کو ایم اے جناح روڈ پر واقع پٹاخوں کے گودام میں دھماکے اور آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکوں سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

گوادم میں دھماکے کے بعد 22 اگست کو پولیس نے پریڈی تھانے میں سرکار کی مدعیت میں قتل بالسبب، دھماکا خیز مواد، آتش گیر مادے اور غفلت برتنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

درج مقدمے کے متن کے مطابق گودام مالک حنیف اور ایوب کو نامزد کیا گیا، ملزم حنیف زخمی ہوکر ہسپتال میں زیر علاج، جب کہ ایک ملزم فرار ہوچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025