انسٹاگرام ریلز کے لیے دلچسپ فیچر کی آزمائش
سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے ’ریلز‘ کے لیے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی، جسے ’پکچر ان پکچر‘ (PiP) کہا جا رہا ہے۔
مذکورہ فیچرکے ذریعے صارفین ریلز ویڈیوز کو ایپ سے باہر بھی دیکھ سکیں گے، یعنی وہ دوسری ایپس استعمال کرتے ہوئے بھی انسٹاگرام ریلز چلا سکیں گے۔
رواں برس مارچ میں انسٹاگرام نے اس نئے فیچر کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا تھا اور اب اسے محدود صارفین کے لیے آزمائشی بنیادوں پر پیش کردیا گیا۔
ایپ ریسرچر کی جانب سے انسٹاگرام کے مذکورہ فیچر کے اسکرین شاٹس شیئر کیے، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صارفین کو ریلز کے پلے بیک سیٹنگز میں PiP کا آپشن مل رہا ہے۔
ٹک ٹاک اور یوٹیوب پہلے ہی اس طرح کی PiP سہولت فراہم کر رہے ہیں، جس سے صارفین ملٹی ٹاسکنگ کام کرتے ہوئے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔
انسٹاگرام کا یہ اقدام جدید صارفین کے رجحانات کو مدنظر رکھتا ہے، جو ایک ساتھ کئی کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
یہ فیچر ریلز کو زیادہ دیر تک دیکھنے کی ترغیب دے گا کیونکہ ویڈیوز کو پس منظر میں چلایا جا سکے گا، یعنی صارف دوسرا کام کرتے ہوئے ویڈیو کو چلاکر اس کی آواز اور ویڈیو بھی دیکھ سکے گا۔
مذکورہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے اور اس تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے اور امکان ہے کہ جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔












لائیو ٹی وی