• KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C

عمران خان میں ’ورٹیگو‘ اور’’ٹینائٹس‘ کی تشخیص کا انکشاف

شائع September 3, 2025
— فائل/ فوٹو: اے پی
— فائل/ فوٹو: اے پی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے جیل کے اندر کیے گئے طبی معائنے میں ان میں ’ورٹیگو‘ (Vertigo) اور ’ٹینائٹس‘ (Tinnitus) کی تشخیص کا انکشاف ہوا ہے۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ ماہ اگست میں جیل حکام سے عمران خان کی رپورٹ طلب کی تھی۔

جیل حکام نے اب عدالت میں عمران خان کی طبی رپورٹ جمع کروادی، جس کے مطابق سابق وزیر اعظم ’ورٹیگو‘ اور ’ٹینائٹس‘ کی تشخیص ہوئی۔

برطانوی اخبار کے مطابق عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں ماہرین کی رائے بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے عمران خان میں بیماریوں کی تشخیص کا ذکر کرتے ہوئے ان کے شدید ڈپریشن میں رہنے کی جانب بھی اشارہ کیا۔

بانی پی ٹی آئی میں تشخیص ہونے والی دونوں پیچیدگیاں اگرچہ زیادہ سنگین نہیں، تاہم بعض ماہرین صحت کے مطابق ممکنہ طور پر مذکورہ دونوں پیچیدگیاں کسی بڑی بیماری کی ابتدائی علامات بھی ہوسکتی ہیں۔

دونوں بیماریوں کا دماغی صحت سے گہرا تعلق ہے اور خاص کیسز میں دونوں بیماریاں بعض بڑی بیماریوں کا آغاز بھی بنتی ہیں۔

’ورٹیگو‘ کو طبی زبان میں ’بنائن پوزیشنل پراکسیسمل ورٹیگو‘ (Benign Positional Paroxysmal Vertigo) بی پی پی وی بھی کہا جاتا ہے اور اس کا تعلق دماغی صحت سے ہے۔

اس بیماری میں انسان کو چکر آتے ہیں، متاثرہ شخص کو اٹھنے، بیٹھنے اور گھومنے کے دوران چکر آتے ہیں، اسے ایسا لگتا ہے کہ وہ توازن کھو کر گر جائے گا۔

عام طور پر یہ پیچیدگی کانوں میں انفیکشن ’ٹینائٹس‘ کی وجہ سے ہوتی ہے، تاہم بعض کیسز میں یہ کسی بڑی بیماری کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق’ورٹیگو‘ کچھ خاص کیسز میں بیلز پالسی، فالج اور دماغی ٹیومر کی ابتدائی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

اسی طرح ’ٹینائٹس‘ بھی اگرچہ زیادہ سنگین بیماری نہیں، تاہم یہ بھی کچھ خاص کیسز میں کسی بڑی بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔

’ٹینائٹس‘ میں انسان کو اپنے ایک یا پھر دونوں کانوں سے ہر وقت شور اور گھنٹیوں سمیت مختلف اقسام کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور یہ آوازیں سناٹے یا خاموشی کے وقت اور بھی زیادہ تیزی سے سنائی دیتی ہیں۔

’ٹینائٹس‘ میں مبتلا ہونے والے افراد کو کانوں میں شور، گھنٹیوں بجنے، عجیب آواز کے گونجنے، کسی کے ہنسنے، پردوں کی طرح چہچہانے سمیت دیگر طرح کی آوازیں سننے کا احساس ہوتا ہے۔

عام طور پر کانوں میں آواز گونجنے کی آوازیں رات کے وقت زیادہ شدید ہوجاتی ہیں اور نیند کے لیے بسترے پر جانے کے بعد ان میں مزید شدت پیدا ہو سکتی ہے اس بیماری سے سننے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

تاہم ماہرین صحت کے مطابق یہ بیماری بھی کچھ خاص کیسز میں بیلز پالسی، فالج اور دماغی ٹیومر سمیت دیگر دماغی بیماریوں کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ اگر ’ورٹیگو‘ اور ’ٹینائٹس‘ کا مسئلہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک علاج کے بعد بھی برقرار رہے یا اس میں شدت ہوتو ممکنہ طور پر یہ کسی بڑی بیماری کی علامت ہوسکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025