سیلاب سے 1651 دیہات اور 16 لاکھ کی آبادی متاثر ہوسکتی ہے، حکومت سندھ
حکومت سندھ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر 44 تعلقوں ( تحصیلوں) کے 1651 دیہات متاثر ہوسکتے ہیں۔
محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سندھ بھرمیں سیلابی صورتحال کےپیش نظر 44 تعلقوں ( تحصیلوں) کے1651دیہات متاثر ہوسکتےہیں جبکہ ممکنہ سیلاب سےمجموعی طور پر 16لاکھ 38 ہزار 491 کی آبادی متاثرہونےکاخدشہ ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں مختلف اضلاع سے 6 ہزار 288 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
محکمہ اطلاعات کے مطابق مختلف اضلاع سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 28 ہزار 57 افراد متاثر ہوئے ہیں، اور صوبے بھر میں 528 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے مجموعی طور پر 154 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران 5 ہزار 772 مریضوں کا علاج کیا گیا۔
محکمہ اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 39 ہزار 576 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 3 لاکھ 70 ہزار 161 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیےجاچکے ہیں، اور 24گھنٹےمیں 70 ہزار267 اور مجموعی طور پر 8 لاکھ 78ہزار مویشیوں کو ویکسین وعلاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئےتمام ادارے مسلسل متحرک ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب سے آنے والا سیلابی ریلا آئندہ چند گھنٹوں میں سندھ میں داخل ہوجائے گا، سندھ حکومت کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں، بڑے سیلابی ریلے سے پہلے سیلابی پانی سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔
محکمہ آبپاشی سندھ حکام کے مطابق گڈو بیراج پر اب پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوتی رہے گی، گڈو بیراج کے کچے کے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں، 61 ہزار لوگوں اور ڈھائی لاکھ مویشیوں کو ریسکیو کرکے محفوط مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کی ہدایت پر روہڑی میں حفاظتی بند پر ایمرجنسی ایمبولینس ہسپتال قائم کر دیا گیا۔
کوٹری بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، کشمور میں بھی کےکے بند کو حساس قرار دینے کے بعد پتھر ڈال کر بند کو مضبوط کیا جارہا ہے، گھوٹکی میں کچے کے مزید علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
وزیر زراعت سندھ محمد بخش مہر کے مطابق شینک بند کی مضبوطی کا کام جاری ہے، ٹھٹھہ اور سجاول میں بھی پاکستان نیوی کی جانب سے شاہ بندر میں ریسکیو اور میڈیکل کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔













لائیو ٹی وی