• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C

کراچی: ٹریفک پولیس نے موسلادھار بارش کے پیش نظر طارق روڈ کو ’نو پارکنگ زون‘ قرار دیدیا

شائع September 9, 2025
— فائل فوٹو: آن لائن
— فائل فوٹو: آن لائن

کراچی میں موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کے امکان کے پیش نظر، شہر کی ٹریفک پولیس نے پیشگی اقدام کے طور پر طارق روڈ کے دونوں اطراف کو ’نو پارکنگ زون‘ قرار دے دیا۔

ٹریفک پولیس نے منگل کو ’ایکس‘ پر بتایا کہ محکمہ موسمیات نے 9 ستمبر (آج) کے لیے کراچی میں موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور انتظامیہ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ طارق روڈ کے دونوں اطراف کو نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے کیا گیا تاکہ اگر شہر کی مرکزی شاہراہوں میں سے ایک شاہراہ فیصل متاثر ہو تو طارق روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ شہریوں، خاص طور پر مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور ممبران سے درخواست ہے کہ طارق روڈ کے دونوں اطراف گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

اس سے قبل صبح کے وقت ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش کی اطلاع دی اور شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کا مشورہ دیا کہ وہ رفتار کم رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج بھارت کے علاقے جنوب مغربی راجستھان اور جنوب مشرقی سندھ پر موجود گہرے دباؤ کے اثرات کے باعث موسلا دھار بارش ہوگی۔

ایک روز قبل، محکمہ موسمیات کے فوکل پرسن انجم نذیر ضیغم نے کہا تھا کہ شہر میں آج صبح سے رات تک 4 سے 6 وقفوں میں ’زیادہ بارش‘ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے اتوار کو شدید موسم کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کراچی اور سندھ کے دیگر حصوں میں طوفانی بارشوں، تیز ہواؤں اور ممکنہ شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

میئر کراچی کی تیاریوں کی تفصیل

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعتراف کیا کہ احتیاطی اقدامات کے باوجود ہر بارش کے بعد شہر کو سنبھلنے میں ’چند گھنٹے‘ لگنا ناگزیر ہوگا۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے شہر کی تیاریوں، کمزوریوں اور جاری مون سون اسپیل کے دوران سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالی، جو 8 سے 10 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ’سمندر کی سطح بلند ہے، یہ پانی نہیں لے سکتا‘ یہ قدرتی عمل شدید بارش کے دوران شہر کے سب سے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔

شہر کی تیاریوں کو اجاگر کرتے ہوئے میئر نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے زیر انتظام سمندر کی طرف جانے والے تمام 46 بڑے نالے صاف کر دیے گئے ہیں، جن میں گجر، اورنگی اور محمودآباد نالہ شامل ہیں۔

میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ اضافی پمپ نصب کیے گئے ہیں، مشینری تعینات ہے، اور 120 واٹر اینڈ سیوریج کی گاڑیاں شہر بھر میں فعال ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025