کراچی میں بارش سے 4 اموات ہوئیں، صورتحال قابو میں ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا شہر کا دورہ
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش سے 4 اموات ہوئیں، صورتحال قابو میں ہے، نادرن بائی پاس کے تعمیراتی کام میں منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث پانی سعدی ٹاؤن اور سعدی گارڈنز میں داخل ہوا، کنٹونمنٹ میں گرین بیلٹ پر کثیرالمنزلہ عمارتیں بھی مسئلہ ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں بارش سے 4 اموات ہوئیں، صورتحال قابو میں ہے، سعدی ٹاؤن بارش کے پانی کے راستے میں بنا جبکہ نادرن بائی پاس کے تعمیراتی کام میں منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث پانی سعدی ٹاؤن اور سعدی گارڈنز میں داخل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ میں گرین بیلٹ پرکثیرالمنزلہ عمارتیں بھی مسئلہ ہیں، شاہراہ بھٹو کا زیرتعمیر حصہ سیلاب میں بہا، سندھ میں سیلاب کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ ہماری کمزوریوں کی نشاندہی ضرور کریں، تنقید پر کبھی برا نہیں منایا لیکن لسانی بنیادوں پر تنقید نہ کی جائے۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا، واضح کردیا کہ حالیہ صورتحال میں شہر کی انتظامیہ مکمل متحرک ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ قیوم آباد کورنگی کاز وے پر پہنچے جہاں بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا، قیوم آباد پل کے پاس پانی جمع ہے جہاں مشینری کے ساتھ پانی نکالا جا رہا ہے۔
مراد علی شاہ نے کورنگی کاز وے کا جائزہ لیا اور موسلادھار بارش کے دوران شاہراہ بھٹو بھی پہنچے، انہوں نے واضح کیا کہ ملیر ندی سے پانی کا اخراج ہوتے ہی کورنگی کاز وے کلیئر ہو جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامیہ شہریوں کو ملیر ندی، کورنگی کاز وے اور دیگر نشیبی علاقوں کے صورتحال سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سندھ حکومت کی انتظامیہ، کے ایم سی، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، میونسپل ٹاؤن، واٹر بورڈ اور پولیس متحرک ہیں۔
بعدازاں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جناح ایونیو کے بعد لیاری ندی پہنچ گئے اور لیاری ندی اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کا کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ لیاری ندی میں پانی کا بہاؤ بہت زیادہ ہے، لیاری ندی کا آغاز منگھوپیر اور گڈاپ کی پہاڑیوں سے ہوتا ہے، اردگرد کے پہاڑی علاقوں کا برساتی پانی لیاری ندی میں شامل ہوتا ہے، لیاری ندی اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا، ناظم آباد، لیاقت آباد اور گل بہار سےگزرتی ہے، ندی لیاری ٹاؤن، کھارادر، میٹھادر اور ویسٹ وہارف سے گزر کر بندرگاہ تک پہنچتی ہے۔











لائیو ٹی وی