کراچی: سیلاب میں بہہ جانیوالی ہائی روف کے باقی 3 لاپتا مسافروں کی لاشیں بھی مل گئیں
کراچی میں منگل کی شب آبی ریلے میں بہہ جانے والی ہائی روف وین کے 3 لاپتا ہونے والے مسافروں کی لاشیں جمعہ کی شب مل گئیں، وین میں 7 افراد سوار تھے جن میں سے 4 کی لاشیں پہلے مل چکی ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ریسکیو سروسز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد سے کراچی آنے والی ایک وین 9 ستمبر کو شدید بارش کے بعد شہر کے نواح میں کُونکر ندی میں بہہ گئی تھی۔
دیگر 4 متاثرین 60 سالہ گلاب، 60 سالہ نابو گلاب، 40 سالہ راجا گلاب اور 40 سالہ محمد جاوید شاہ کی لاشیں بدھ کو ہی برآمد کر لی گئی تھیں، باقی 3 مسافر اس واقعے کے بعد سے لاپتا تھے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے تیسرے روز آپریشن دوبارہ شروع کیا، جس کے دوران باقی 3 لاشیں نکالی گئیں۔
متوفین میں سے ایک کی شناخت 8 سالہ کیلاش کے طور پر ہوئی، جس کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، دیگر 2 مرد متاثرین کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی، ان کی لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئیں۔
لیاری ندی سے بھی لاش برآمد
پاک کالونی کے علاقے میں لیاری ندی سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی، جس کی عمر تقریباً 40 سال بتائی جاتی ہے، پولیس نے بتایا کہ لاش میانوالی کالونی کے دھوبی گھاٹ کے قریب ملی۔
لاش کو میڈیکو لیگل کارروائی کے لیے ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی