سیلابی صورتحال: پیپلز پارٹی کا سندھ میں سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان اتوار کے روز پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے ایک بیان میں کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول پر آنے تک سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
انہوں نے تمام پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد، خاص طور پر دریائی علاقوں کے متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’ پیپلز پارٹی کے رہنما متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سرگرم کردار ادا کریں، ریلیف کیمپ قائم کریں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔’
نثار کھوڑو کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ’ حکومت سندھ پیپلز پارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت مکمل طور پر الرٹ ہے اور اُمید ہے کہ سیلابی ریلا محفوظ گزر جائے گا۔’
خیال رہے کہ قبل ازیں آج سندھ کے سینیئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ حکومت سندھ تمام بیراجوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، گڈو بیراج پر اونچے ، سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ گڈو بیراج پر اونچے درجے، سکھر بیراج پر درمیانے درجے اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کچے کے علاقوں سے 5 ہزار 269 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اب تک نقل مکانی کرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 364 ہوگئی ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا تھا کہ کچےکے علاقوں سے 252 افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیاگیا،جہاں اس وقت کل 469افراد مقیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے 177 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سائٹس قائم کی ہیں، جہاں سے گزشتہ 24 گھنٹےمیں 6 ہزار 596 اور مجموعی طور پر 84 ہزار 118مریضوں کو طبی امداد مل چکی ہے۔











لائیو ٹی وی