پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط
صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورے کے دوران پاکستان اور چین نے مفاہمت کی تین یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں زراعت، ماحولیات اور ماس ٹرانزٹ شعبوں کی ترقی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے آج شنگھائی میں مفاہمت کی تین یاد داشتوں کی دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق پہلا ایم او یو کنٹرولڈ ایگریکلچر سائنس اینڈ ایجوکیشن پارک، زرعی پیداوار اور خوراک کے تحفظ میں اضافہ کے حوالے سے تھا۔
اسی طرح دوسرا ایم او یو شینونگ کالج، کسانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کرنے کے لئے ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے متعلق تھا ۔
تیسرا ایم او یو ٹائر ری سائیکلنگ پروجیکٹ، ماحول دوست فاضل مادہ کی مینجمنٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے کیا گیا۔
آصف زرداری کی شنگھائی میں چیئرمین چیری ہولڈنگ ین تونگیو سے ملاقات
ادھر، صدر مملکت آصف علی زرداری نے شنگھائی میں چیئرمین چیری ہولڈنگ ین تونگیو سے ملاقات کی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کے ہمراہ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کو چیری آٹوز کی عالمی کامیابیوں اور ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی، صدر مملکت نے تفصیلی بریفنگ پر ین تونگیو کا شکریہ ادا کیا اور چیری آٹو کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کمپنی کی الیکٹرک بسوں کو متعارف کرانے اور لوکلائزیشن کو آگے بڑھانے کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
صدر مملکت نے چیئرمین چیری ہولڈنگ کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان الیکٹرک بسوں اور پرزوں کی مقامی پیداوار کے لیے پالیسی معاونت فراہم کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق آصف علی زرداری نے چیری کو الیکٹرک بسوں، منی ٹرکس اور گرین انرجی میں مشترکہ منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی، انہوں نے مینوفیکچرنگ، معدنیات اور توانائی ذخیرہ کرنے کے حل میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔
ین تونگیو نے صدر مملکت اور ان کے وفد کو چیری آٹو کے عالمی آپریشنز، تکنیکی جدت کے لیے اس کی وابستگی اور بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں سندھ کے وزراءشرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ کے علاوہ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔











لائیو ٹی وی