سی ویو پر گاڑی میں جوڑے کی موت دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے سےہوئی، پولیس کو شبہ
کراچی میں سی ویو اپارٹمنٹس کے پارکنگ ایریا میں گاڑی سے ملنے والی لاشوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہے، ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ جوڑے کی موت گاڑی میں دھواں بھرنے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی، متوفیہ کی شناخت بھی ہوگئی۔
ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سی ویو اپارٹمنٹس کے پارکنگ ایریا سے رجسٹریشن نمبر BD-1394 کی حامل سفید پراڈو سے خاتون اور مرد کی لاشیں ملی تھیں۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ متوفیان کی شناخت میجر (ر) شہباز ملک اور 49 سالہ رخسانہ کے طور پر ہوئی، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں گاڑی کے اندر اے سی چلا کر بیٹھے تھے جبکہ گاڑی بھی اسٹارٹ تھی، بظاہر اس دوران دھواں اندر داخل ہوگیا اور دم گھٹنے سے دونوں کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ملک کے بیٹے نے بھی والد کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لاشوں پر تشدد یا گلا گھونٹے جانے کے کوئی نشانات نہیں پائے گئے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے کہا کہ موت کی حتمی وجہ محفوظ کرلی گئی ہے اور تمام ضروری نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔











لائیو ٹی وی