شکیل صدیقی نے ’بگ باس‘ کی پیشکش مسترد کرنے کی اصل وجہ بتادی
معروف کامیڈین و اداکار شکیل صدیقی نے انکشاف کیا کہ بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی جانب سے معاوضہ اور سہولتیں دی جارہی تھیں، اس کے باوجود انہوں نے پیشکش مسترد کردی اور اصل وجہ بھی بتادی۔
شکیل صدیقی نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں پاکستانی ریئلٹی شو ’تماشا‘ میں شرکت کی کئی بار دعوت دی گئی، لیکن وہ اس شو کا حصہ نہیں بننا چاہتے تھے اس لیے انکار کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اگر وہ اس شو میں جائیں تو ان کے ساتھ شریک دیگر شرکا بھی سینئر فنکار ہونے چاہئیں جن کا کوئی نام یا کام ہو لیکن ٹک ٹاکرز شامل نہ ہوں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ سے بھی کئی بار آفر ہوئی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بگ باس انتظامیہ نے انہیں ہر طرح کا کام کرنے اور ہر چیز کھانے کی اجازت دی تھی اور یہاں تک کہ وہ دبئی تک ان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے، لیکن انہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔
شکیل صدیقی کے مطابق انہوں نے انکار اس وجہ سے کیا کہ اگر وہ اس شو کا حصہ بنتے تو وہاں وہ واحد پاکستانی ہوتے، جب کہ باقی تمام بھارتی، جس سے ریئلٹی شو میں تنازع اور جھگڑا شروع ہو سکتا تھا، اس پر انہیں جواب ملا کہ بگ باس انتظامیہ چاہتی بھی یہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بگ باس والوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ دو ماہ تک شو میں کوئی ان کو ہاتھ نہیں لگائے گا اور معاوضہ بھی اچھا دیا جائے گا، لیکن انہوں نے اس کے باوجود یہ آفر مسترد کردی۔











لائیو ٹی وی