• KHI: Partly Cloudy 18.6°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.6°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.7°C

فلپائن: سیلاب بحالی کے منصوبوں میں کرپشن کیخلاف احتجاج میں شدت، میٹرو اسٹیشن میں توڑ پھوڑ

شائع September 21, 2025
فلپائن میں کرپشن اسکینڈلز کی طویل تاریخ ہے، جن میں سیاستدان عام طور پر سنگین قید کی سزا سے بچ نکلتے ہیں۔
—فوٹو: اسکرین شاٹ
فلپائن میں کرپشن اسکینڈلز کی طویل تاریخ ہے، جن میں سیاستدان عام طور پر سنگین قید کی سزا سے بچ نکلتے ہیں۔ —فوٹو: اسکرین شاٹ

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں سیلاب کے بعد انفرااسٹرکچر کی بحالی کے مبینہ گھوسٹ منصوبوں کے فنڈز میں خورد برد کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق مشتعل مظاہرین نے املاک کو نقصان پہنچایا، اور میٹرو اسٹیشن پر تھوڑ پھوڑ کی، اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں، جن میں کم از کم دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق مظاہروں میں شریک 17 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مظاہرین کی جانب سے فلپائنی قانون سازوں، حکام اور کاروباری شخصیات پر سیلاب پر قابو پانے کے منصوبوں میں بھاری کمیشن بٹورنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں نام نہاد ’گھوسٹ‘ انفرااسٹرکچر منصوبوں پر غصہ اس وقت بڑھ گیا، جب صدر فرڈینینڈ مارکوس نے انہیں جولائی میں اپنے اسٹیٹ آف دی نیشن خطاب کا مرکزی نکتہ بنایا، جو ہلاکت خیز سیلاب کے ہفتوں کے بعد کیا گیا تھا۔

مارکوس نے گزشتہ ہفتے کے اوائل میں کہا تھا کہ وہ لوگوں کے احتجاج پر ’ذرہ برابر‘ الزام نہیں دیتے، تاہم انہوں نے مظاہروں کو پرامن رکھنے کی اپیل کی تھی، اور اتوار کو زیادہ تر ایسا ہی رہا۔

لیکن اے ایف پی کے صحافیوں نے دیکھا کہ زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل گروپوں نے دو مختلف واقعات میں پولیس پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں، جن میں سے ایک میں انہوں نے صدارتی محل کی طرف جانے والے پل کے قریب رکاوٹ کے طور پر استعمال ہونے والے ٹرک کے ٹائروں کو آگ لگا دی۔

دوسرے تصادم میں پولیس نے نقاب پوش مظاہرین کے ایک اور گروپ پر واٹر کینن کا استعمال کیا، جائے وقوعہ پر موجود صحافی نے دیکھا کہ کچھ پولیس اہلکاروں نے بھی پتھر اٹھا کر مظاہرین کی طرف پھینکے۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ان میں سے کسی کا منظم احتجاج سے کوئی تعلق تھا۔

دن کا آغاز دارالحکومت کے لُنیٹا پارک میں ایک پُرامن صبح کے احتجاج سے ہوا، جس میں شہر کے اندازوں کے مطابق تقریباً 50 ہزار افراد شریک ہوئے۔

ہزاروں مزید افراد نے دوپہر کے مظاہرے میں شرکت کی، جو دارالحکومت کی ای ڈی ایس اے شاہراہ پر ہوا، یہ وہی جگہ ہے جہاں 1986 کی تحریک نے مارکوس کے آمر والد کو اقتدار سے بے دخل کیا تھا۔

ریلی میں شریک 30 سالہ ڈیزائنر مٹزی باجنٹ نے کہا کہ میرا ریلیوں میں جانا بہت کم ہوتا ہے، لیکن یہ صورتحال اتنی بگڑ گئی ہے کہ مجھے واقعی یہ کہنا ضروری لگا کہ ’اب بس بہت ہو گیا۔

بائیں بازو کے اتحاد باگونگ ایلائنسنگ مکابایان کے چیئرمین، 56 سالہ ٹیڈی کاسینو نے کہا کہ گروپ نہ صرف چوری شدہ فنڈز کی واپسی بلکہ ملوث افراد کو جیل بھیجنے کا بھی مطالبہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن عوام کو مجبور کرتی ہے کہ وہ سڑکوں پر آئیں اور اپنا غصہ ظاہر کریں، تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے کہ وہ واقعی اپنا کام کرے۔

کرپشن سے 2 ارب ڈالر کا نقصان

وزارتِ خزانہ نے اندازہ لگایا ہے کہ فلڈ کنٹرول منصوبوں میں کرپشن کی وجہ سے فلپائنی معیشت کو 2023 سے 2025 کے درمیان 118 ارب 50 کروڑ پیسو (2 ارب ڈالر) تک کا نقصان ہوا ہے۔

گرین پیس کا کہنا ہے کہ یہ تعداد دراصل 18 ارب ڈالر کے قریب ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں ایک تعمیراتی کمپنی کے مالکان نے تقریباً 30 اراکینِ ایوان اور محکمہ پبلک ورکس اینڈ ہائی ویز (ڈی پی ڈبلیو ایچ) کے عہدیداروں پر نقد رقوم لینے کا الزام لگایا تھا۔

اس اسکینڈل نے پہلے ہی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں قیادت کی تبدیلی کو جنم دیا ہے، ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مارٹن روموالدیز (جو مارکوس کے کزن ہیں) نے رواں ہفتے کے اوائل میں تحقیقات شروع ہونے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

اتوار کے روز ایک اور احتجاج میں دارالحکومت کی سڑکوں پر ہزاروں افراد اتر آئے، جس کا مقصد ان فراڈ انفرااسٹرکچر منصوبوں کے خلاف آواز اٹھانا تھا جن سے فلپائن کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

ای ڈی ایس اے احتجاج میں متعدد سیاستدان بھی شریک ہوئے، جس کی حمایت طاقتور کیتھولک چرچ نے کی اور جس میں بے شمار خاندان شامل ہوئے۔

58 سالہ مانویل ڈیلا سرنا نے کہا کہ یہ پارٹی بازی نہیں ہے، وہ 4 دہائیاں قبل ای ڈی ایس اے پر پیپلز پاور مظاہروں میں شریک ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہیں جب کہ شہری سیلاب میں مبتلا رہے، ان کے گھر بہہ رہے ہیں، اور اسی دوران حکام نجی طیاروں میں سفر کرتے ہیں اور محلات میں رہتے ہیں‘۔

فلپائن میں عوامی فنڈز کے اسکینڈلز کی طویل تاریخ ہے، جن میں بدعنوانی کے مرتکب اعلیٰ درجے کے سیاستدان عام طور پر سنگین قید کی سزا سے بچ نکلتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025