• KHI: Partly Cloudy 18.6°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.6°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.7°C

منیلا: کرپشن مخالف مظاہروں کے دوران 200 سے زائد افراد گرفتار

شائع September 22, 2025
اتوار کو ہزاروں فلپائنی شہری منیلا میں اس اسکینڈل کے خلاف جمع ہوئے جس میں جعلی فلڈ کنٹرول منصوبوں کے ذریعے مبینہ طور پر عوامی خزانے سے اربوں ڈالر لوٹے گئے — فوٹو: اے ایف پی
اتوار کو ہزاروں فلپائنی شہری منیلا میں اس اسکینڈل کے خلاف جمع ہوئے جس میں جعلی فلڈ کنٹرول منصوبوں کے ذریعے مبینہ طور پر عوامی خزانے سے اربوں ڈالر لوٹے گئے — فوٹو: اے ایف پی

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں پولیس نے اتوار کو ہونے والے مظاہروں کے دوران جھڑپوں میں 200 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا، ان مظاہروں کا مقصد کرپشن کے خلاف احتجاج تھا جو زیادہ تر پرامن رہے، تاہم کچھ مقامات پر نقاب پوش نوجوان مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پیر کو پولیس کی ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں 12 سالہ لڑکے سمیت 88 کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔

ہزاروں فلپائنی شہری منیلا میں اس اسکینڈل کے خلاف جمع ہوئے جس میں جعلی فلڈ کنٹرول منصوبوں کے ذریعے مبینہ طور پر عوامی خزانے سے اربوں ڈالر لوٹے گئے، اس اسکینڈل میں کئی ارکانِ پارلیمنٹ ملوث پائے گئے ہیں اور دونوں ایوانوں کے سربراہان تحقیقات کے دوران اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔

مظاہروں کے دوران پتھراؤ، پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے اور ایک پولیس ہیڈکوارٹرز کی کھڑکیاں توڑنے کے واقعات بھی رونما ہوئے، جس کے نتیجے میں پرامن مظاہروں کا تاثر متاثر ہوا جن میں شہری، مذہبی رہنما، کارکن اور سیاستدان شریک تھے، پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور تیز سائرن کا استعمال کیا۔

پولیس کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پرتشدد کارروائی کرنے والے افراد مظاہرین ہی میں شامل تھے یا علیحدہ گروہ کے طور پر شریک ہوئے، محکمہ صحت نے بتایا کہ جھڑپوں میں تقریباً 50 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 93 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

صدر فرڈیننڈ مارکوس کے جولائی کے خطاب کے بعد یہ معاملہ قومی سطح پر توجہ کا مرکز بنا جب انہوں نے ’گھوسٹ انفرااسٹرکچر‘ اسکینڈل کو اجاگر کیا۔

فلپائن کی وزارتِ خزانہ کے مطابق 2023 سے 2025 کے دوران کرپشن کے باعث معیشت کو 118.5 ارب پیسوس (تقریباً 2 ارب ڈالر) کا نقصان ہوا ہے، جبکہ گرین پیس کا کہنا ہے کہ اصل نقصان اس سے کہیں زیادہ یعنی تقریباً 18 ارب ڈالر تک ہو سکتا ہے۔

صورتحال اس وقت مزید تشویشناک ہے کیونکہ سپر طوفان ’رگاسا‘ ملک کے شمالی صوبوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور فلپائن میں ایک مرتبہ پھر شدید سیلاب متوقع ہے، یہ جزیرہ نما ملک ہر سال اوسطاً 20 طوفانوں اور سمندری طوفانوں کی زد میں آتا ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ غربت اور قدرتی آفات کے خطرات میں مبتلا رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025