حارث رؤف کے بھارتی شائقین کو 0-6 کے اشارے پر یاسر حسین کی تنقید
اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی بھارتی شائقین کو جواب دینے کے لیے کیے گئے 0-6 کے اشارے پر تنقید کی ہے۔
گزشتہ روز ایشیا کپ سپر 4 راؤنڈ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی، تاہم پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف میچ کے دوران توجہ کا مرکز بنے رہے۔
میچ کے دوران حارث رؤف باؤنڈری پر فیلڈنگ کر رہے تھے، جب بھارتی تماشائی انہیں کوہلی کے نام کے نعرے لگا کر تنگ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اس کے جواب میں حارث رؤف نے مئی میں پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے چھ طیارے گرائے جانے کا اشارہ ہاتھ سے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں حارث رؤف نے پہلے انگلیوں سے 0-6 کا اشارہ دیا اور پھر ڈرامائی انداز میں ایک ہوائی جہاز کے پرواز کرنے اور تباہ ہونے کا تاثر بھی دیا۔
یہ اشارہ رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے حالیہ تنازع کی طرف تھا، جس میں پاک فضائیہ نے چھ بھارتی طیارے بشمول فرانسیسی رافیل طیارہ تباہ کیا تھا۔
میچ میں شکست کے باوجود پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے فاسٹ باؤلر کے اس ردعمل کو سراہا، کیونکہ اس سے قبل ہونے والے میچ میں بھارتی ٹیم نے جیت پر پاکستان ٹیم سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔
تاہم، یاسر حسین نے حارث رؤف کے عمل پر تنقید کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’بھائی جان، یہ پاکستان ایئر فورس کا کریڈٹ ہے، انہیں دے دو، آپ کا کام کرکٹ کھیلنا تھا، جو آپ سے ہو نہیں رہا‘۔
انہوں نے اسٹوری میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مخاطب کرتے ہوئے تجویز دی کہ وہ ایک سال کے لیے کرکٹ میچز معطل کر دیں اور صرف کھلاڑیوں کی تربیت پر توجہ دیں۔












لائیو ٹی وی