• KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.7°C
  • LHR: Cloudy 12.3°C
  • ISB: Heavy Rain 13.3°C

سندھ میں خواتین کیلئے پنک ٹیکسیاں بھی متعارف کروائیں گے، بلاول

شائع September 25, 2025
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
—فوٹو: اسکرین شاٹ
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ —فوٹو: اسکرین شاٹ

سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز تقسیم شروع کر دی گئی ہے، اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کو مفت پک اسکوٹیز کی چابیاں تقسیم کیں، اور کہا کہ خواتین کے لیے پنک ٹیکسیاں بھی متعارف کروائی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بہت جلد میں ایک دوسری تقریب سے بھی خطاب کر رہا ہوں گا، جس میں ہم خواتین کے لیے پنک ٹیکسیاں متعارف کروائیں گے، پورے سندھ میں عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں، آج میں بہت خوش ہوں کہ خواتین میں مفت الیکٹرک پنک اسکوٹیز تقسیم کی جارہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبے میں آج دوسرا پروگرام ہے، جس کا ہم آغاز کر رہے ہیں، اس سے قبل سندھ میں سیلاب سے متاثرہ چھوٹے کسانوں کو بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے مالی مدد دینے کی اسکیم کا افتتاح کیا تھا، جب کہ اس وقت پنک اسکوٹیز کی تقسیم کا منصوبہ شروع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ تھا، جس نے الیکٹرک بسیں متعارف کروائیں، پھر سندھ پہلا صوبہ اور کراچی پہلا شہر بنا، جہاں ہم نے پنک بسیں متعارف کروائیں، میں بہت خوش ہوں کہ الیکٹرک اسکوٹیز خواتین کو مفت دی جارہی ہیں، تاکہ خواتین کی ٹرانسپورٹ سے متعلق مشکلات کم ہوسکیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام اور دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ اگر خواتین کا کردار نہ ہو تو ملک کی معیشت سمیت کسی بھی شعبے میں ترقی ممکن نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جہاں دنیا بھر میں ایسے ممالک بھی ہیں، جو خواتین کے حقوق اور نقل و حرکت پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں، وہیں سندھ حکومت ہر شعبے میں عورتوں کو موقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو پنک اسکوٹیز ملنے سے ان کی معشیت میں شمولیت کو فروغ ملے گا، نجی شعبے نے اس منصوبے کو سپورٹ کیا، جس میں خواتین کے لائسنس بنانے سمیت دیگر امور شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت سندھ حکومت کے ساتھ ملکر ٹرانسپورٹ سمیت دیگر محکموں کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کرے، تاکہ سرمایہ کاروں اور عوام کو فائدہ ہوسکے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ خواتین کے کردار کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، آج سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے اس اقدام سے خوشی ہوئی ہے، خواتین کو اپنے کام کاج کی جگہوں پر آنے جانے میں سہولت ہوگی، کاروباری خواتین کو بھی نقل و حرکت میں آسانی میسر آئے گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025