پہلی قومی انسداد سروائیکل کینسر مہم کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہوسکا
ملک بھر میں پہلی انسداد سروائیکل کینسر ویکسی نیشن ( ایچ پی وی) کی مہم کےد وران مقررہ ہدف حاصل نہ کیا جاسکا۔
ڈان نیو ز کے مطابق ملک بھر میں پہلی انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم اپنا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، قومی سطح پر مہم کی کامیابی کی شرح صرف 66.32 فیصد رہی۔
محکمہ صحت کے مطابق مہم کا ہدف ایک کروڑ 17 لاکھ بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانا تھا، پنجاب میں ویکسینیشن کی شرح 68 فیصد جبکہ سندھ میں 65 فیصد ریکارڈ کی گئی، دیگر صوبوں اور وفاقی علاقوں میں بھی شرح ہدف سے کم رہی۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ایچ پی وی ویکسین انتہائی مؤثر ہے اور بچیوں کو یہ حفاظتی ٹیکے بروقت لگانا ضروری ہیں تاکہ مستقبل میں بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
دریں اثنا پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ صوبے میں انسانی پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسی نیشن مہم کو مزید تین دن (بدھ تک) بڑھایا جا رہا ہے تاکہ 100 فیصد ہدف حاصل کیا جاسکے۔
وزیر صحت پنجاب نے نجی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب میں کامیابی کی شرح 72 فیصد رہی ہے، لیکن ہم نے مہم ختم نہیں کی بلکہ اسے مزید 3 دن کے لیے بڑھا دیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اگر ہم یہ ویکسین ابھی اپنی بچیوں کو لگائیں تو 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ مفت ملے گی، لیکن مہم ختم ہونے کے بعد اس کے پیسے ادا کرنا ہوں گے اور صرف 9 سال کی بچیوں کے لیے ہی یہ ویکسین مفت دستیاب ہوگی‘۔











لائیو ٹی وی