• KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C

چین نے غیر ملکی ٹیکنالوجی ماہرین کو راغب کرنے کے لیے نیا ویزا پروگرام متعارف کرادیا

شائع October 2, 2025
—فوٹو: ایکس
—فوٹو: ایکس

چین نے غیر ملکی سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے ایک نیا ویزا پروگرام متعارف کرادیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین نے ایک نیا ویزا پروگرام شروع کیا ہے، جس کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں غیر ملکی ماہرین کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے، یہ اقدام ان شعبوں میں امریکا سے آگے بڑھ کر خود کو عالمی رہنما کے طور پر پیش کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

چین کا یہ اقدام حالیہ امریکی پالیسی کے بالکل برعکس ہے، جہاں ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ اچانک ماہر کارکنوں کے ویزوں میں مہنگی اور پیچیدہ تبدیلیاں متعارف کرائی تھیں۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق چین کا نیا ’کے ویزا‘ اہل افراد کے لیے امیگریشن کے عمل کو نمایاں طور پر آسان بناتا ہے۔

چین کے سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی نے منگل کو ایک تبصرے میں لکھا کہ ایسے وقت میں جب بعض ممالک پیچھے ہٹ رہے ہیں، اندرونی رویہ اپنا رہے ہیں اور بین الاقوامی ماہرین کو نظر انداز کر رہے ہیں، چین نے بروقت اس موقع کو پہچانا اور یہ پالیسی متعارف کرائی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی شِنہوا نے رپورٹ کیا کہ کے ویزا کے لیے درخواست دہندہ کو کسی مقامی آجر یا ادارے کی طرف سے دعوت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی، کے ویزا ہولڈرز کو آمد و رفت کی اجازت، ویزے کی مدت اور قیام کے دورانیے کے لحاظ سے زیادہ سہولت فراہم کرے گا۔

سرکاری وضاحت کے مطابق اس ویزا کے لیے درخواست دینے والے نوجوان غیر ملکی سائنسی اور ٹیکنالوجی کے ماہرین ہوں گے، تاہم عمر، تعلیمی قابلیت اور کام کے تجربے کی درست شرائط ابھی تک واضح نہیں کی گئیں۔

شِنہوا کے مطابق ویزا ہولڈرز کو تعلیم، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تبادلے کے ساتھ ساتھ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔

امریکا کی ٹیکنالوجی انڈسٹری ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایچ-1بی ویزا کے طریقہ کار میں اچانک تبدیلیوں سے متاثر ہوئی ہے، ایچ-1بی ویزا کے تحت کمپنیاں غیر ملکی ماہر کارکنوں کو تین سے چھ سال تک امریکا میں کام کے لیے اسپانسر کرسکتی ہیں۔

یہ ویزے ٹیک انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں، لیکن نئی پالیسی کے تحت اب ایچ-1بی ویزے کے لیے ایک بار کی 1 لاکھ ڈالر فیس لازمی قرار دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025