ایلون مسک 500 ارب ڈالر کی مجموعی مالیت رکھنے والے دنیا کی پہلی شخصیت بن گئے
ٹیسلا کے حصص میں تیزی اور ٹیکنالوجی منصوبوں کی کامیابی نے ایلون مسک کو دنیا کا امیر ترین شخص بنادیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک 500 ارب ڈالر کی مجموعی مالیت رکھنے والے دنیا کی پہلی شخصیت بن گئے، یہ اضافہ اس سال ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں بحالی اور ان کی دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی مالیت کے باعث ہوا۔
یہ سنگِ میل اس وقت آیا ہے جب ایلون مسک کی دولت تقریباً ایک سال قبل ہی 400 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی اور یہ ان کی دنیا کے امیر ترین شخص کے طور پر برتری کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
فوربز کے ارب پتیوں کے انڈیکس کے مطابق بدھ کے روز ایلون مسک کی دولت کچھ دیر کے لیے 500 ارب ڈالر تک پہنچی، تاہم بعد میں یہ گھٹ کر 499 ارب 10 کروڑ ڈالر پر آگئی۔
ایلون مسک کی دولت کا بڑا حصہ ٹیسلا میں ان کے تقریباً 12 فیصد حصص سے منسلک ہے، جو دنیا کی سب سے قیمتی آٹو کمپنی ہے، الیکٹرک گاڑیوں کے اس ادارے کے حصص رواں سال اب تک تقریباً 14 فیصد بڑھ چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ کمپنی کے بورڈ نے ایلون مسک کے لیے ایک کھرب ڈالر کا معاوضہ پیکیج تجویز کیا، جس میں سی ای او کے لیے بلند مالیاتی اور عملیاتی اہداف مقرر کیے گئے۔
یہ پیکیج 5 ستمبر کو سامنے آیا، جس کے بعد سے اب تک ٹیسلا کے حصص میں 35.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرمایہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ معاوضہ پیکیج، جو کسی بھی کارپوریٹ ایگزیکٹو کو پیش کیا جانے والا سب سے بڑا پیکیج ہے، ایلون مسک کی توجہ کو مزید ٹیسلا پر مرکوز کرے گا۔
گزشتہ ماہ ایلون مسک نے تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کے ٹیسلا کے حصص خریدنے کا اعلان بھی کیا تھا، جسے کمپنی کی مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی جانب منتقلی پر ان کے اعتماد کے اظہار کے طور پر دیکھا گیا۔
ایلون مسک کے منصوبوں نے انہیں ٹیکنالوجی کی صنعتوں پر غیر معمولی اثر و رسوخ بخشا ہے، خواہ وہ برقی گاڑیاں ہوں، سیٹلائٹ کمیونیکیشن ہو یا مصنوعی ذہانت۔
رواں سال ایلون مسک کی اے آئی کمپنی ایکس اے آئی اور خلائی تحقیقاتی کمپنی اسپیس ایکس کی مالیت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اطلاعات کے مطابق یہ کمپنیاں بالترتیب 200 ارب ڈالر اور 400 ارب ڈالر کے تخمینے پر سرمایہ اکٹھا کر رہی ہیں۔
فوربز کی فہرست میں اوریکل کے بانی لیری ایلیسن، ایلون مسک کے بعد دوسرے امیر ترین شخص ہیں، جن کی مجموعی دولت بدھ کے روز تقریباً 350 ارب 70 کروڑ ڈالر تھی۔











لائیو ٹی وی