• KHI: Partly Cloudy 20.1°C
  • LHR: Cloudy 9.4°C
  • ISB: Cloudy 12.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.1°C
  • LHR: Cloudy 9.4°C
  • ISB: Cloudy 12.8°C

انڈونیشیا: مدرسہ منہدم ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، درجنوں اب بھی لاپتا

شائع October 4, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

انڈونیشیا میں منہدم ہونے والے مدرسے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 تک جا پہنچی ہے، حکام کے مطابق ریسکیو عملہ بھاری مشینری کے ساتھ ملبے تلے دبے درجنوں مزید افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ کثیر منزلہ دینی مدرسے کی عمارت پیر (29 ستمبر) کو اچانک اس وقت زمین بوس ہوگئی تھی، جب طلبہ عصر کی نماز کے لیے جمع تھے۔

نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی (باسارنَس) کے آپریشن ڈائریکٹر یودی برامانتایو نے ایک بیان میں بتایا کہ ریسکیو اہلکاروں نے آج ملبے سے مزید دو لاشیں اور ایک انسانی عضو نکالا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی۔

یودی برامانتایو کا کہنا تھا کہ ’انخلا کا عمل جاری ہے، ملبہ ہٹانے کا کام شمالی حصے میں کیا جا رہا ہے، جو مرکزی ڈھانچے سے جڑا ہوا نہیں ہے۔‘

مقامی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ ناننگ سگیت نے ایک علیحدہ بیان میں تازہ اموات کی تصدیق کی۔

اس سے قبل حکام نے بتایا تھا کہ اب تک 9 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مِٹیگیشن ایجنسی (بی این پی بی) کے سربراہ سہاریانتو نے کہا کہ ریسکیو ٹیم 49 لاپتا افراد کی تلاش کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید لاشیں بھی مل سکتی ہیں کیونکہ ریسکیو اہلکار ان مقامات پر بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹا رہے ہیں جہاں لاشوں کے دبے ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کومپاس ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ’گزشتہ رات آخری لاش ملنے کے بعد ہم بڑے کلین اپ آپریشن پر توجہ دے رہے ہیں، بھاری مشینری انہدام شدہ علاقوں میں داخل ہو رہی ہے۔

رہائشیوں کے مطابق اسکول کے گرنے کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ پورا محلہ لرز اٹھا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ عمارت کیوں گری، تاہم ابتدائی اشارے ناقص تعمیراتی معیار کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ نے جمعرات کو بھاری مشینری کے استعمال پر اتفاق کیا، کیونکہ 72 گھنٹوں کا ’سنہری وقت‘ زندہ بچ جانے والوں کو ڈھونڈنے کے لیے ختم ہو چکا تھا۔

ریسکیو آپریشن اس وقت مزید مشکل ہوگیا جب منگل کی رات ایک زلزلے نے علاقے کو ہلا دیا تھا، جس کے باعث تلاش کا عمل عارضی طور پر روکنا پڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025