امریکی ریاست ٹینیسی میں بارودی مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکا، متعدد ہلاکتیں
امریکی ریاست ٹینیسی میں بارود بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک یا لاپتا ہوگئے۔
عالمی خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا کہ ریاست ٹینیسی کی یک مین کاؤنٹی کے علاقے بک اسنورٹ میں واقع ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز نامی بارودی مواد ساز فیکٹری میں دھماکا ہوا جس کے بعد متعدد افراد ہلاک یا لاپتا ہوگئے ہیں۔
دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور عوام کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
ٹینیسی کی ہک مین کاؤنٹی کے مقامی شیرف کے دفتر نے فیس بک پر لکھا کہ’ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ بک اسنورٹ کے علاقے میں ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز میں دھماکا ہوا ہے،’
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار اس وقت موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔’
ہک مین کاؤنٹی کے میئر کے دفتر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ فی الحال ہلاکتوں یا دھماکے کی وجوہات کی تصدیق نہیں کر سکتے۔
ہک مین کاؤنٹی کے میئر جم بیٹس نے سی این این کو بتایا کہ اس پلانٹ کا حفاظتی مسائل کا کوئی ماضی نہیں ہے، اگرچہ 2014 میں یہاں ایک چھوٹا سا گولہ بارود کا دھماکا ہوا تھا، اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔
تاہم ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے بتایا کہ اس ’ انتہائی تباہ کن دھماکے’ میں کچھ ہلاکتیں ہوئیں اور کئی لوگ لاپتا ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فی الحال کئی افراد لاپتا ہیں، ہم خاندانوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے کام کر رہے ہیں، کچھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، مگر ہم ان کے اہل خانہ کو باضابطہ اطلاع دینے کے بعد تفصیل جاری کریں گے۔’
ڈیوس کے مطابق علاقے کو محفوظ بنا لیا گیا ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ فیکٹری کے مقام پرکم شدت کے مزید دھماکوں کا خدشہ موجود ہے۔
ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز ایک بارودی مواد تیار کرنے والی کمپنی ہے جو 1980 میں قائم ہوئی تھی، کمپنی فوجی، فضائیہ اور تجارتی تباہ کاری کے شعبوں کے لیے دھماکا خیز مواد بناتی اور ذخیرہ کرتی ہے۔
کمپنی کا ہیڈکوارٹر ٹینیسی کے علاقے بک اسنورٹ میں 1,300 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے، جہاں آٹھ پیداواری عمارتیں اور ایک معیار جانچنے کی لیبارٹری موجود ہے۔
کمپنی نے اے ایف پی کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوراً کوئی جواب نہیں دیا۔











لائیو ٹی وی