ثروت گیلانی کے ہمایوں سعید اور ندیم بیگ کے نامناسب رویے کے انکشافات
معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے ساتھی اداکار ہمایوں سعید اور فلم ساز ندیم بیگ کے نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ تیسری بار ان کے ساتھ فلم میں کام نہیں کریں گی۔
ثروت گیلانی نے ’ملیحہ رحمٰن‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے ساتھ پہلی دونوں ’جوانی پھر نہیں آنی‘ فلموں میں اچھا رویہ اختیار نہیں کیا گیا، انہیں نظر انداز کرکے اس وقت اہمیت دی گئی جب فلم سازوں کو ان کی ضرورت پڑی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی ’جوانی پھر نہیں آنی‘ فلم میں بھی ان کے کردار کو مختصر کیا گیا، فلم کے آخری اور دوسرے حصے میں ان کے کردار کو دکھایا ہی نہیں گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پہلی فلم میں مناسب موقع اور عزت نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے دوسری فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن ندیم بیگ نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں ان کے کردار کو آخر تک دکھایا جائے گا۔
ثروت گیلانی کے مطابق لیکن بدقسمتی سے دوسری فلم میں بھی ان کے کردار کو آخری اور دوسرے حصے میں نہیں دکھایا گیا جب کہ دوسری فلم کی پروموشن کے دوران بھی ان کے ساتھ اچھا رویہ نہیں رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم سازوں نے ان کے ساتھ اس وقت ہی رابطہ کیا جب ان کا ان میں کوئی کام ہوتا تھا، کام نکلنے کے بعد انہیں یاد تک نہ کیا جاتا۔
ان کے مطابق دوسری فلم کی پروموشن کے لیے پوری ٹیم کو لندن جانا تھا اور انہیں بھی جانا تھا، انہوں نے اپنے پیسوں سے ٹکٹ بک کروایا لیکن ٹیم نے انہیں روانہ ہونے کی اطلاع تک نہ دی اور ان کے ساتھ شیڈول تک شیئر نہ کیا گیا۔
اداکارہ نے ’جوانی پھر نہیں آنی‘ فلم سیریز کے ہدایت کار ندیم بیگ اور پروڈیوسر ہمایوں سعید کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید اپنی عزت مجروح نہیں کر سکتی، وہ تیسری فلم کا حصہ نہیں بنیں گی۔
ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ فلم میکرز نے ہمیشہ انہیں اس وقت ہی یاد کیا، جب ان کا اداکارہ میں کام پڑتا ہے، اپنا کام نکلنے کے بعد وہ انہیں پوچھتے تک نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تیسری فلم کے لیے بھی ان سے رابطہ کیا جاتا ہے لیکن وہ تیسری فلم کا حصہ نہیں بننا چاہتیں، وہ فلم میکرز کے رویے سے خفا ہیں، وہ مزید اپنی عزت مجروح نہیں کروا سکتیں، وہ یکساں عزت اور احترام چاہتی ہیں اور ان کے کردار کا جو حق ہے، وہ چاہتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ آج بھی ندیم بیگ اور ہمایوں سعید کے ساتھ احترام کے ساتھ ملتی ہیں اور وہ ان کا احترام کرتی رہیں گی لیکن وہ اب تیسری فلم کا حصہ نہیں بننا چاہتیں اور یہ کہ انہیں دونوں کے رویے پر افسوس ہے، انہیں اس وقت ہی یاد کیا جاتا ہے، جب ان میں کوئی کام پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی پہلی فلم 2015 جب کہ دوسری فلم 2018 میں ریلیز ہوئی تھی، دونوں فلموں میں ثروت گیلانی کا کردار تھا، انہوں نے پٹھان خاتون کا کردار ادا کیا تھا اور واسع چوہدری ان کے شوہر بنے تھے۔











لائیو ٹی وی