کراچی: اہلیہ کی غیراخلاقی تصاویر اور ویڈیوز سالے کو بھیجنے والے ملزم کی ضمانت مسترد
کراچی کی مقامی عدالت نے اہلیہ کی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز اس کے بھائی کو بھیج کر ہراساں کرنے کے مقدمے میں ملزم جنید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں اہلیہ کی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز اس کے بھائی کو بھیج کر ہراساں کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
ملزم کے خلاف متاثرہ خاتون نے ایف آئی اے میں شکایت درج کروائی تھی، مقدمے کے مطابق ملزم کو قابلِ بھروسہ سمجھ کر اس سے رشتہ قائم کیا گیا، خلع کا کیس دائر کرنے کے بعد ملزم نے غیر اخلاقی تصاویر اُس کے چھوٹے بھائی کو ارسال کردیں۔
ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خلع کا کیس دائر کرنے کے بعد مدعیہ ملزم کے ساتھ ہی رہتی تھی، مدعیہ نے ملزم کو پھنسانے کےلیے خود اپنے بھائی کو تصویر ارسال کیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ جس نمبر سے ویڈیوز سینڈ کی گئیں وہ ملزم کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
عدالت نے کہا کہ تمام تر قانونی ضابطوں کو بروئے کار لایا گیا ہے، فرانزک عمل اور آلات کے جمع کرانے سے کسی غیر قانونی یا بے ضابطگی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، ملزم پر لگایا گیا الزام سنگین نوعیت کا ہے، ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی جاتی ہے۔











لائیو ٹی وی