ناصر ادیب کو اداکاراؤں کے ماضی پر بات کرنے کی ضرورت نہیں، فائزہ حسن
معروف اداکارہ فائزہ حسن نے سینئر لکھاری ناصر ادیب اور اداکار فردوس جمال کی جانب سے اداکاروں سے متعلق دیے گئے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں منجھی ہوئی شخصیات ہیں، انہیں دوسروں کے بارے میں اس طرح باتیں نہیں کرنی چاہیے۔
فائزہ حسن نے حال ہی میں یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں فردوس جمال اور ناصر ادیب کی جانب سے دوسری شوبز شخصیات سے متعلق دیے گئے بیانات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ فردوس جمال کی بہت بڑی مداح رہی ہیں، انہوں نے ان کے تمام ڈرامے دیکھ رکھے ہیں، انہوں نے شاندار کام کیا۔
اداکارہ کے مطابق اتنی ساری باتیں کرنے کے باوجود فردوس جمال اب بھی انہیں پسند ہیں اور یہ کہ ان اس سے کوئی مطلب نہیں کہ ان کی ذاتی زندگی میں کیا چل رہا ہے؟
فائزہ حسن کا کہنا تھا کہ فردوس جمال سینئر اداکار ہیں، انہیں معلوم ہے کہ کب، کہاں، کون سی اور کتنی بات کرنی ہے، اس لیے انہیں سمجھداری سے کام لینا چاہیے۔
اداکارہ نے پوڈکاسٹس میں سینئر اداکاروں کی جانب سے دوسری شخصیات سے متعلق نامناسب باتیں کرنے پر پوڈکاسٹرز کو بھی قصور قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے ویوز حاصل کرنے کے لیے سینئر اداکاروں کو بات کرنے اکساتے ہیں۔
اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناصر ادیب بھی انہیں بہت پسند ہیں، انہوں نے ان کی لکھی تمام لولی وڈ فلمیں دیکھ رکھی ہیں۔
فائزہ حسن کے مطابق ناصر ادیب نے اچھا کام کیا لیکن وہ بھی پوڈکاسٹس میں دوسری شخصیات سے متعلق بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناصر ادیب کو دوسری اداکاراؤں اور اداکاروں کے ماضی پر بات کرنے کی ضرورت نہیں، انہیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ فلاں یہ تھی، فلاں وہ تھا۔











لائیو ٹی وی