رواں سال کے 9 ماہ میں چین کو سی فوڈ کی برآمدات 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئیں
رواں سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان کی چین کو سی فوڈ کی برآمدات 15 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) کی رپورٹ کے مطابق چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان کی چین کو سمندری غذاؤں کی برآمدات 15 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 12 کروڑ 19 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھیں۔
یہ مسلسل اضافہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور ماہی گیری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستان کی چین کی منڈی تک بہتر کولڈ چین لاجسٹکس اور تصدیقی نظام کے ذریعے وسیع رسائی کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان کی چین کو سی فوڈ کی اہم برآمدات میں منجمد مچھلی ( فروزن فش) میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جس کی برآمدات 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے 3 کروڑ ایک لاکھ 90 ہزار ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہیں، 2025 میں اس کی برآمدی مقدار 2 کروڑ 18 لاکھ 30 ہزار کلو رہی تھی۔
اسی طرح، تازہ یا ٹھنڈے کیکڑوں کی برآمدات 2 کروڑ 56 لاکھ 80 ہزار ڈالر (35 لاکھ 30 ہزار کلوگرام) تک پہنچ گئی، جو 2024 کی اسی مدت میں 2 کروڑ 26 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھی۔
فروزن کٹل فش کی برآمدات بھی بڑھ کر 2 کروڑ 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر تک جا پہنچی، جو 80 لاکھ 40 ہزار کلوگرام کے برابر ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ ایک کروڑ 98 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھی۔
خاص طور پر، فروزین سارڈین، سارڈینیلا، بریسلنگ یا اسپرَیٹس کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، جو صرف ایک سال پہلے 30 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر ایک کروڑ 12 لاکھ 40 ہزار ڈالر (ایک کروڑ 83 لاکھ 90 ہزار کلوگرام) تک پہنچ گئی۔
سی ای این کی رپورٹ کے مطابق اس زمرے میں، پاکستان چین کا سب سے بڑا برآمد کنندہ بن کر ابھرا، جس نے روس اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کی برآمدات بالترتیب 83 لاکھ 90 ہزار ڈالر اور 13 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھیں۔
تجارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس مسلسل سہ ماہی اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی مصنوعات چینی منڈی میں بتدریج زیادہ متنوع اور مسابقتی ہوتی جا رہی ہیں۔
چینی ہوائی اڈوں پر برف میں محفوظ سمندری غذاؤں کے لیے ’ گرین چینل’ کلیئرنس نظام، جو مصنوعات کو آمد کے 48 گھنٹوں کے اندر صارفین تک پہنچانے کی اجازت دیتا ہے، مصنوعات کے معیار اور قیمت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔












لائیو ٹی وی