• KHI: Clear 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Clear 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

پاکستانی ریپر طلحہ انجم کی نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے کی ویڈیو وائرل

شائع November 17, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب
— فوٹو: اسکرین گریب

نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران پاکستانی ریپر طلحہ انجم کی جانب سے بھارتی پرچم لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔

طلحہ انجم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جو ان کے نیپال میں ہونے والے حالیہ کنسرٹ کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنسرٹ کے دوران طلحہ انجم نے خیرسگالی اور دوستی کے اظہار کے طور پر بھارتی پرچم لہرایا اور بعدازاں اسے اپنے کندھوں پر بھی اوڑھ لیا، جب کہ اسٹیج پر موجود ان کے ساتھی گلوکار طلحہ یونس نے نیپالی پرچم اٹھا کر مقامی مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

مذکورہ کنسرٹ کی ویڈیوز وہاں موجود سامعین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی گئیں، جب کہ سامعین نے دعویٰ کیا کہ گلوکار کا یہ اقدام مختلف ممالک سے آئے ہوئے شرکا کے احترام اور امن و دوستی کا پیغام دینے کے لیے کیا گیا تھا۔

طلحہ انجم کا یہ عمل سوشل میڈیا پر اس لیے بھی توجہ کا مرکز بن گیا، کیونکہ رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جھڑپ کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں اور چینلز کا بائیکاٹ جاری ہے۔

واضح رہے کہ مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان 4 روزہ شدید فوجی جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فضا انتہائی کشیدہ ہے، یہ 1999 کے بعد بدترین تنازع تھا، جب دونوں ممالک مکمل جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، یہ کشیدگی 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کی قریبی وادی پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔

بھارت نے بغیر ثبوت اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کر دیا تھا، تاہم 7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر مہلک فضائی حملے کیے تھے، جن کے جواب میں پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔

دونوں جانب سے ایئر بیسز پر جوابی حملوں کے بعد 10 مئی کو امریکی مداخلت کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوسکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025