گوگل کا نیا اے آئی ٹول ’نینو بنانا پرو‘ متعارف

شائع December 1, 2025
—نینو بنانا (ایکس)
—نینو بنانا (ایکس)

گوگل نے جیمینائی ایپ کے تحت تیار کردہ اپنا نیا مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹول نینو بنانا پرو جاری کردیا ہے، جو تصاویر بنانے اور ایڈیٹ کرنے کی انتہائی جدید صلاحیت رکھتا ہے۔

گوگل کلاؤڈ کے مطابق اس ٹول کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ اتنی واضح اور حقیقت کے قریب تصاویر بناتا ہے کہ کئی بار یہ پہچاننا مشکل ہوجاتا ہے کہ تصویر اصلی ہے یا مصنوعی طور پر تیار کی گئی ہے۔

نینو بنانا پرو سے صرف تخلیقی تصاویر ہی نہیں بلکہ معلوماتی گرافکس، پوسٹرز اور مختلف ڈیزائن بھی تیار کیے جاسکتے ہیں، یہ ٹول الفاظ اور حروف کو بھی نہایت صاف اور درست انداز میں بناتا ہے، وہ بھی مختلف فونٹس اور زبانوں میں۔

اس ماڈل کی تصویر کی کوالٹی بھی کافی اعلیٰ ہے، یہ 2K اور 4K ریزیولوشن میں تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو نہ صرف پرنٹ بلکہ بڑی اسکرینز پر بھی بہترین نظر آتی ہیں۔

تاہم، اس جدید ٹیکنالوجی کے باعث یہ فرق کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہوگیا ہے کہ کون سی تصویر اصلی ہے اور کون سی اے آئی نے تیار کی ہے، اسی وجہ سے کبھی کبھار مشہور شخصیات کی ایسی تصاویر یا ویڈیوز بھی وائرل ہوجاتی ہیں جو دراصل اے آئی ٹولز سے بنائی گئی ہوتی ہیں۔

اس کے باوجود نینو بنانا پرو گرافکس ڈیزائن، اشتہارات، ڈیجیٹل آرٹ اور مارکیٹنگ جیسے شعبوں کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ ان شعبوں کو اعلیٰ معیار کی تصاویر درکار ہوتی ہیں۔

اس ماڈل کی بدولت بہت کم وقت میں بہترین معیار کے پوسٹرز، اشتہارات، معلوماتی گرافکس اور سوشل میڈیا مواد تیار کرنا کہیں زیادہ آسان ہوجائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 10 مارچ 2026
کارٹون : 9 مارچ 2026