رگبی سے امن کی آشا

شائع October 5, 2013

پاکستان رگبی ٹیم۔ فائل فوٹو ڈان

لاہور: روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں ہفتے کو دونوں ملکوں کے درمیان امن کے قیام کے عزم لیے آج رگبی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

یہ میچ جوہری طاقت کے حامل دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان ایک انوکھا ایونٹ ہو گا کیونکہ نئی دہلی نے 2008 میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے دوطرفہ تعلقات ختم کردیے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ ان حملوں کے پیچھے پاکستان میں موجود شدت پسند ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے رواں سال 2007 کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان کا دورہ کیا تھا جس سے پڑوسی ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی امید ہو چلی تھی لیکن پھر لائن آف کنٹرول پر ہونے والی کشیدگی کے باعث یہ امن عمل ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گیا۔

لیکن ہندوستانی رگبی ٹیم کے منیجر کلویندر سنگھ نے اس میچ کو امن کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔

سنگھ نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ 19 سال سے بھی کم عمر یہ بچے میچ سے اس عمل کا آغاز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر ایکا ہو جائے اور ہم نئی دہلی اور اسلام آباد کو امن کا پیغام دیں۔

ہندوستانی منیجر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سجھتے ہیں۔

'میں 1999 میں یہاں بطور کھلاڑی آیا تھا اور اس بار منیجر کی حیثیت سے آیا ہوں، میں یہاں ہمیشہ بہت پرسکون محسوس کرتا ہوں، مجھے یہاں گھر جیسا پیار اور اپنائیت ملتی ہے'۔

کوچ نے بتایا کہ 1947 میں تقسیم ہند سے قبل ان کی والدہ فیصل آباد اور والد راولپنڈی سے ہندوستان گئے تھے۔

سنگھ کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ دونوں ملکوں کے درمیان امن عمل بہت دفعہ متاثر ہوا لیکن مجھے یقین ہے کہ پاکستان، ہندوستان کو اپنا بھائی سمجھتا ہے اور میں سجھتا ہوں کہ ہندوستان کے بھی پاکستان کے بارے میں اسی قسم کے جذبات ہوں گے۔

ہندوستانی کپتان سورج ویر نے کہا کہ انہیں لاہور میں کسی قسم کا مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں لاہور آ کر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں اور یہاں ملنے والا پیار مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم پاکستان کو شکست دے دی گی۔

لیکن دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کپتان داؤد گل نے بھی اسی قسم کے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رگبی میں دن بدن بہتر ہو رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم ہندوستان کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن یہ دونوں ملکوں کے امن کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی رگبی ٹیم بھی اگلے ہفتے سولہ ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ممبئی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025