مس یونیورس پر انڈیا میں مقدمہ

شائع October 10, 2013

اولیویا برانڈڈ جوتوں کے ساتھ فوٹو شوٹ کی تیاریاں کر رہی ہیں۔— تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز
اولیویا برانڈڈ جوتوں کے ساتھ فوٹو شوٹ کی تیاریاں کر رہی ہیں۔— تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز

آگرہ: ہندوستان کی پولیس نے تاج محل کی حدود میں غیر قانونی طور پر جوتوں کا فیشن شوٹ کرنے پر مس یونیورس کے خلاف مقدمہ قائم کرلیا ہے۔

اکیس سالہ امریکی اولیویا کلپو ہندوستان کے دس روزہ دورے کے دوران اتوار کو آگرہ میں علامی شہرت یافتہ مقام پر گئیں اور فوٹو شوٹ کیا تھا۔

نئی دہلی سے ایک سو اسی کلومیٹر دور آگرہ کے ایک پولیس سٹیشن کے سشانت گور نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے شکایت موصول ہونے کے بعد اولیویا اور ان کی ٹیم کے خلاف مقدمہ قائم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ ہندوستان کے تاریخی مقامات سے متعلق دفعات کے تحت قائم ہوا۔

گور نے بتایا کہ اولیویا نے برانڈڈ جوتوں کے ساتھ تاج محل کے سامنے موجود ماربل کی 'ڈیانا سیٹ' پر بیٹھ کر تصویر کھنچوائی۔

یاد رہے کہ مشہور زمانہ اس سیٹ کا نام انیس سو بانوے میں اس یادگار کا دورہ کرنے والی مرحوم شہزادی ڈیانا کے نام پر رکھا گیا تھا۔

ہندوستان میں آثار قدیمہ کے محکمہ (اے ایس آئی) کے این کے پھاٹک نے بتایا کہ تاج محل پر اشتہار کاری کے حوالے سے سخت قواعد و ضوابط موجود ہیں اور مس اولیویا کا یہ فوٹو شوٹ بغیر کسی اجازت نامہ کے تھا۔

مقدمہ میں ہندوستانی نژاد فیشن ڈیزائنر سنجنا جون کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو شوٹ کے وقت اولیویا کے ہمراہ تھیں۔

خیال رہے کہ مقدمے کا اندراج پہلا قدم ہے اور ضروری نہیں کہ معاملہ عدالت تک جائے۔

سولہ سو اڑتالیس میں مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیوی کی یاد میں اس محل کو تعمیر کیا تھا اور یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مقبرے پر جانے سے پہلے اپنے جوتے اتار لیں۔

جوتے پہننے کی اجازت صرف باغ میں ہے جہاں ڈیانا سیٹ موجود ہے۔

ایک سرکاری عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اولیویا کے خلاف پولیس میں درخواست اے ایس آئی کی جانب سے محل کے نگران نے دائر کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جرم ثابت ہونے پر اولیویا پر جرمانہ ہوسکتا ہے۔

ممبئی کے ایک میگزین 'مڈ ڈے' نے تاج محل کے نگران منظر علی کے حوالے سے بتایا کہ اولیویا کا فوٹو شوٹ 'توہین ' کے مترادف تھا۔

انہوں نے اخبار کو بتایا کہ اولیویا نے اپنے بیگ سے سینڈل نکالے اور ڈیانا سیٹ پر رکھ دیے، جس کی اے ایس آئی اجازت نہیں دیتا اور یہ بے عزتی کے مترادف ہے۔

اخبار کا لکھنا ہے کہ محل کا سیکورٹی سٹاف اولیویا سے 'بے حد متاثر' تھا جس کی وجہ سے انہوں نے مس یونیورس کو محل کی حدود میں بیگ لے جانے کی اجازت دے دی۔

اس تنازعہ سے بے خبر اولیویا نے آگرہ جانے کے اگلے روز پیر کو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے تاج محل میں کھینچی ہوئی تصویریں بھی اپ لوڈ کردیں۔

 

کارٹون

کارٹون : 21 جون 2025
کارٹون : 20 جون 2025