چیریٹی کے لیے مسلسل 48 گھنٹوں تک تیراکی

نیویارک: امریکا کی با صلاحیت خاتون تیراک ڈیانا نائیڈ نے مسلسل 48 گھنٹوں تک تیراکی کر کے سینڈی طوفان کے متاثرین کیلئے 1لاکھ 5 ہزار امریکی ڈالرز کا فنڈز اکٹھا کیا۔
گزشتہ برس امریکا میں آنے والے سینڈی طوفان نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا تھا اور سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
چونسٹھ سالہ امریکن تیراک نے ستمبر میں شارک کیج کے بغیر کیوبا سے فلوریڈا تک سوئمنگ کر کے پہلی شخصیت ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
انہوں نے 3 ستمبر کو 53 گھنٹوں میں یہ فاصلہ طے کیا تھا۔
ڈیانا نائیڈ نے مسلسل دو دن تیراکی کر کے سینڈی طوفان کے متاثرین کیلئے لاکھوں ڈالرز کا فنڈز اکٹھا کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بہت زیادہ تھک گئی ہوں اور ہدف مکمل کرنے پر بے حد خوش ہوں۔
امریکی تیراک نے اس عمل کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ششدر رہ گئی کیونکہ میں سمجھ رہی تھی کہ سمندر میں تیراکی کے مقابلے میں یہ نسبتاً آسان عمل ہو گا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ایک موقع پر مجھے ایسا مھسوس ہوا کہ شاید میں اس کو مکمل نہیں کر سکوں گی۔
ڈیانا نے یہ تیراکی امریکی شہر نیویارک کے ہیرالڈ اسکوائر میں واقع 120 فٹ گیرے اور 36 میٹر چوڑے سوئمنگ پول میں کی۔
پول میں پانی کا درجہ حرارت 29 سینٹی گریڈ رکھا گیا تھا لیکن باہر کے سرد موسم کے باعث اس حدت میں اضافہ کر دیا گیا تھا جبکہ ڈیانا کا کہنا تھا کہ پول کا پانی مستقل ٹھنڈا تھا۔
امریکی تیراک کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے ایک لاکھ 5361 امریکی ڈالرز کا فنڈ اکٹھا کیا۔
ڈیا کا کہنا تھا کہ وہ چیریٹی کے لیے دوبارہ تیراکی کرنے پر خوشی محسوس کریں گی لیکن اگلی دفعہ دورانیہ نسبتاً کم اور وہ گرم موسم کو ترجیح دیں گی۔