متحدہ عرب امارات: جنوبی افریقہ کا 'حقیقی' امتحان

شائع October 12, 2013

گریم اسمتھ کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔
گریم اسمتھ کی انجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔

 پیر کو پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی سیریز میں دنیا کی بہترین ٹیم ہونے کی دعویدار جنوبی افریقی ٹیم کا کڑا امتحان ہوگا جہاں شدید گرمی اور بلے بازوں کے لیے سازگار پچیں ان کی منتظر ہیں۔

دنیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ سے یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف سیریز جیت چکی ہے۔

اس سے قبل خلیجی ملک کا 2012ء میں دورہ کرنے والی اس وقت کی بہترین ٹیسٹ اسکواڈ انگلینڈ کو بھی معلوم ہوا تھا کہ یہاں کی کنڈیشنز ہوشیار ترین ٹیموں کو بھی شکست دے سکتی ہیں۔

اس طرح پروٹیز کو بھی دنیا کے گرم ترین مقامات پر کرکٹ کھیلتے ہوئے متعدد چیلنجز کا سامنا ہوگا جن میں بیٹنگ وکٹیںِ، پاکستان کا تجربہ کار اسپن اٹیک، شدید گرمی، نیا کوچ اور کافی عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے شاندار فاسٹ باؤلرز کے لیے یہ ایک نئے طرح کا چیلنج ہوگا جنکے بارے میں کوچ ایلن ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ انہیں نئی گیند سے کھیل پر اثر انداز ہوتے ہوئے پاکستان کے ٹاپ آرڈر میں بگاڑ پیدا کرنا ہوگا۔

کرک انفو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا 'ایک تیز گیند باز ہونے کے ناطے مشکل مراحل میں آپ کو اپنے ہنر کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی چیزیں آزمانی ہوتی ہیں جبکہ سب سے زیادہ اہم بات بال کو ریورس سوئنگ کروانا ہے۔'

جنوبی افریقہ دنیا کے بہترین تیز گیند باز کہے جانے والے ڈیل اسٹین پر انحصار کرے گا جو کہ حال ہی میں ایک انجری کے بعد ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

تاہم پاکستانی اسپنر اور دوسرا گیند کے ماہر سعید اجمل کی وجہ سے ڈیل شاید توجہ کا مرکز نہ بن پائیں جنہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف وائٹ واش میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جنوبی افریقہ کے زیادہ تر کھلاڑی میچ پریکٹس کی کمی کا شکار ہوں گے۔ کپتان گریم اسمتھ اور جے پی ڈومنی انجری کے بعد ٹیم میں واپس آرہے ہیں جبکہ فروری کے بعد سے یہ پروٹیز کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان کی ٹیم میں بھی گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف شرمناک شکست کے بعد تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

پہلا ٹیسٹ 14 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025